دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے بچا جا سکتا ہے‘مقررین

پولیس ،علما ء،صحافی معاشرہ میں پیدا ہونے والے بگاڑ کے خلاف بھر پور اقدامات کر رہے ہیں

پیر 25 جون 2018 14:59

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے بچا جا سکتا ہے ،نوجوانوں میں منشیات کے خلاف آگہی دینے والی تنظیمیں سماجی برائیوں کے خلاف جہاد کر رہی ہیں ،پولیس ،علما ء،صحافی معاشرہ میں پیدا ہونے والے بگاڑ کے خلاف بھر پور اقدامات کر رہے ہیں ،پاکستان میں اس وقت نوے لاکھ سے زائد افراد مختلف قسم کے نشوں کا شکار ہیں ،ضلع اور تحصیل کی سطح پر نشے کے شکار افراد کے لئے ٹریٹمنٹ سنٹرز کا قیام وقت کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انسداد منشیات کے عالمی دن کے حوالہ سے قومی وسماجی تحریک موومنٹ اگینسٹ ڈرگ ابیوز (ماڈا) رجسٹرڈکے زیر اہتمام واک کے شرکاء سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا واک کی قیادت ڈی ایس پی صدر سرکل چودھری ضیا الحق ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی ،ڈسٹرکٹ انچارج آفیسر ریسکیو چودھری ظفر اقبال ،ریسکیو1122سیفٹی انچارج مس عائشہ سہیل ،سابق سینئر نائب صدرڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ ،سینئر صحافی شہباز ساجد ،جنرل سیکرٹری ریجنل یونین آف جرنلسٹس پنجاب عابد حسین مغل ،صدر (ماڈا) محمد مظہررشید چودھری،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ایاز گل ،سوشل ویلفیئر آفیسر محمد عارف جج ،سوشل ویلفیئر آفیسر اشتیا ق احمد خاں ،گورنمنٹ ای لائبریری کے انچارج محمد ابراھیم وڑائچ نے کی ،واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قومی وسماجی تحریک موومنٹ اگینسٹ ڈرگ ابیوز (ماڈا) رجسٹرڈنے سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی عوام میں منشیات کے خلاف آگہی کی بیداری کے لئے جو کوشش کی ہے وہ قابل تعریف ہے نوجوان نسل کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے بچانے کے لئے معاشرہ کے ہر فرد کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا پولیس کا محکمہ منشیات کا مکروہ کاروبار کرنے والے معاشرہ کے ناسوروں کے خلاف بھر پور کاروائیاں کر رہا ہے نئی نسل کو اس زہر سے بچانے کے لئے علما ء ،صحافی ،اساتذہ اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا -