لوگ ڈیم بنانے کی بات کرتے ہیں جس کے لیے پانی نہیں ، مراد علی شاہ

بدھ 27 جون 2018 15:55

لوگ ڈیم بنانے کی بات کرتے ہیں جس کے لیے پانی نہیں ، مراد علی شاہ
جامشورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) سابق وزیر اعلی سندھ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لوگ ڈیم بنانے کی بات کرتے ہیں جس کے لیے پانی نہیں ہے، ہم نے دستیاب پانی کو بچانے کے لیے کینال لائننگ کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامشورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے پانی کی بات کی گئی تو پنجاب نے مخالفت کی، شہباز شریف بتائیں کہ ہم نے کراچی کے پانی کی بات کی تو مخالفت کیوں کی انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے، ہم الیکشن کی تیاری پورے 5 سال کرتے ہیں، عوام پیپلزپارٹی کے انتخابی امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، الیکشن پر تحفظات سے متعلق ہمارے چیئرمین نے بھی ذکر کیا، صورت حال جو بھی ہو پیپلز پارٹی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پارٹی کی پوزیشن اچھی ہے، الیکشن میں پنجاب سے بھی خاطر خواہ نتائج ملیں گے، اقتدار میں آکر عوام کی محرومیوں کو دور کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ مٹھی اور اسلام کوٹ کے پلانٹس کے کنکشن حیسکو نے کاٹے، ہمارے دور میں معاہدے کے تحت کنکشن نہیں کاٹے جاسکتے تھے جبکہ نوابشاہ میں جو سہولیات ہیں وہ شاید کراچی میں بھی میسر نہیں ہوگی۔