بقایا جات کی عدم ادائیگی ‘ آزاد کشمیر کے دوبڑے سرکاری محکموں ، پبلک ہیلتھ اور صحت عامہ کے بجلی کے کنکشن منقطع ہونے کا خدشہ

بدھ 27 جون 2018 16:11

ْمظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) بقایا جات کی عدم ادائیگی ، آزاد کشمیر کے دوبڑے سرکاری محکموں ، پبلک ہیلتھ اور صحت عامہ کے بجلی کے کنکشن منقطع ہونے کا خدشہ ، ان دو محکموں کے ذمہ کروڑوں کے بقایا جات ہیں ۔ ان کی بجلی کاٹے جانے پر عوام کی متوقع پریشانی کے پیش نظر محکمہ برقیات انتہائی اقدام اٹھانے سے گریزاں ‘ محکمہ برقیات نے ان محکموں کو بروقت نوٹسز بھی دے رکے ہیں جن پر تاحال عمل نہیں کیا گیا ۔

30جون سے قبل ادائیگی نہ کی گئی تو ان محکموں کی بجلی کاٹ دی جائے گی جس کے بعد عوام کو پانی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے اور ہسپتالوں کی بجلی بند ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ محکمہ برقیات کے حکام نے واضح کیا ہے کہ کروڑوں روپوں کے نادہندہ ان دوسرکاری محکموں کو بروقت نوٹسز جاری کئے تھے جن پر مثبت پیشرفت نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ریونیو ریکوری اہداف حاصل کرنے کیلئے محکمہ برقیات کو مجبوراً یہ انتہائی اقدام اٹھانا پڑیگا۔

محکمہ برقیات اس سے قبل عوام کی متوقع پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان محکموں کے کنکشن منقطع کرنے سے گریز کررہا ہے ۔ برقیات حکام کے مطابق ان محکموں نے اپنے ذمہ واجبات داخل خزانہ نہ کروائے تو ان کی بجلی کاٹ دی جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری ان محکموں پر ہوگی اور بجلی کاٹے جانے کے بعد عوام کو پیش آنے والی مشکلات کے ذمہ دار بھی یہی محکمے ہونگے ۔ اس حوالے سے محکمہ برقیات ذمہ دار نہیں ہوگا کیونکہ اس انتہائی اقدام سے قبل محکمہ متعدد بار نوٹسز کے ذریعے ان محکموں کو بقایا جات جمع کرانے کی ہدایات دے چکا ہے جس کا پازیٹو رسپانس نہیں مل سکا۔

متعلقہ عنوان :