تحقیقات متاثرہ ہو نیکا خدشہ، ممبئی حملہ کیس کا تفتیشی افسر تبدیل

بدھ 27 جون 2018 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) ممبئی حملہ کیس کے تفتیشی افسر کو تبدیل کردیاگیا جس کے بعد پاکستان میں تحقیقات متاثرہ ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں،اس سے قبل کیس کے پراسیکیوٹر کو تبدیل کئے جانے پر بھارتی حکومت کی جانب سے واویلا کیا گیا تھا۔ذرائع نے آن لائن کو بتایا نگران حکومت نے ممبئی حملہ کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ مظہرالحق کاکاخیل کو بلوچستان تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ ممبئی حملہ کیس میں27 گواہوں سے پوچھ گچھ کا عمل باقی ہے۔

اس حوالے سے اسٹبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سمری الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئی ہے، جس سے بھارتی 27گواہوں سے کی جانے والی تفتیش متاثر ہوسکتی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے وزارت داخلہ کی جانب سے بھارتی گواہوں کے حوالے سے جواب جمع نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ اس حوالے سے جلد رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت پانچ جولائی تک کیلئے ملتوی کردی ہے ۔واضح رہے پڑوسی ممالک بھارت کی جانب سے روایتی انداز میں عدم دلچسپی کی وجہ سے پاکستانی حکومت کو تحقیقات میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہی۔