مخالفین کو25جولائی کے بعد اے این پی کے بلند ترین گراف کا اندازہ ہو جائے گا، میاں افتخار حسین

․سابق حکومت نے 356ارب کا قرض لے کر آنے والی کئی نسلوں کا بال بال قرضوں میں ڈبو دیا ہے، اے این پی کے اپنے دور میں نا مساعد حالات کے باوجود ترقیاتی کاموں پر توجہ دی،اقتدار میں آ کر دیرپا قیام امن ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات پر توجہ دی جائے گی،خطاب

بدھ 27 جون 2018 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے خاتمے کے خواب دیکھنے والوں پر 25جولائی کو حقیقت آشکارا ہو جائے ، اے این پی خدائی خدمت گار تحریک کا تسلسل جماعت ہے جسے انگریز اپنے زور بازو سے ختم نہیں کر سکا، الیکشن میں کامیابی کے بعد مخالفین کو اے این پی کے گراف کا اندازہ ہو جائے گا، ان خیالات کا اظہار اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے اپنے حلقہ نیابت پی کے 65میں انتخابی مہم کے دوران ڈاگ بیسود پبی میں برے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر درجنوں افراد نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی اور مسلم لیگ سے مستعفی ہو کر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، میاں افتخار حسین نے شامل ہونے والوں کو سرخ توپیاں پہنائیں اور انہیں باچا خان بابا کے قافلے میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی ، انہوں نے ان شمولیتیوں کیلئے کوششیں کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کی اے این پی میں جوق در جوق شمولیت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ عوام سابق حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں سے اکتا چکے ہیں اور ان کا اعتماد اے این پی پر بڑھ گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے صوبے کو تاریخ کے بدترین قرض میں ڈبو دیا ہے جسے ادا کرنے کیلئے آنے والی حکومتوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ، انہوں نے کہا کہ356ارب کا قرض لے کر آنے والی کئی نسلوں کو قرضدار کر دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کے اپنے دور میں نا مساعد حالات کے باوجود ترقیاتی کاموں پر توجہ دی اور پائیدار امن کیلئے حتی الوسع کوششیں جاری رکھیں ، انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جس میں مجھے اپنا اکلوتا بیٹا تک کھونا پڑا ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ حکومت میں آ کر دیرپا اور پائیدار امن کے قیام کیلئے کاوشیں جاری رکھیں ،اورتعلیم ،اور صحت کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانس سال میں جتنا نقصان سرکاری خزانے کو پہنچایا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، پشاور میں بیوٹیفیکیشن کے نام پر اربوں روپے ضائع کر دیا گیا ، بلین سونامی ٹری سمیت بی آر ٹی میں کرپشن کی انتہا کر دی گئی ،اے این پی پر کرپشن کے الزامات لگانے والوں کے اپنے دامن داغدار ہیں اور نیب میں ان کے خلاف کرپشن کی فائلیں کھل چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تاحیات نااہل کر دیا گیا پھر بھی پنجاب کے شہری ان کے ساتھ ہیں لہٰذا پختون اپنے رہنماؤں اور اپنے حقوق کا تحفظ کرنے والوں کو پہچانیں اور آنے والے الیکشن میں اے این پی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں ۔