چناری گرج بانڈی کی رہائشی خاتون کی اراضی ہتھیانے کیلئے بااثر شخص سرگرم، قتل کرنے کی دھمکیاں

گھر میں حملہ آور ہو کر وحشیانہ تشدد‘ پولیس تھانہ چناری بااثر افراد کیخلاف کارروائی سے گریزاں متاثرہ مظلوم خاتون انصاف کے حصول کیلئے آئی جی پی آزاد کشمیر کے پاس پہنچ گئی

جمعہ 29 جون 2018 16:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) چناری گرج بانڈی کی رہائشی بے سہارا خاتون کی اراضی ہتھیانے کے لیے بااثر شخص سرگرم، قتل کرنے کی دھمکیاں، گھر میں حملہ آور ہو کر وحشیانہ تشدد، پولیس تھانہ چناری بااثر افراد کیخلاف کارروائی سے گریزاں، متاثرہ مظلوم خاتون انصاف کے حصول کیلئے آئی جی پی آزاد کشمیر کے پاس پہنچ گئی۔

سنٹرل پریس کلب سائلین ڈیسک میں چناری گجر بانڈی کی رہائشی خاتون عزرا بی بی زوجہ سید نثار کاظمی نے صحافیوں کو ظلم کی روداد سناتے ہوئے بتایا کہ عابد شاہ ولد سخی شاہ نے میری اراضی ہتھیانے کے لیے ہمارا عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔اراضی میرے حصہ میں میری والدہ کی طرف سے ملی ہے۔تین کنال اراضی پر بااثر عابد شاہ ولد سخی شاہ پہلے سے قابض ہے۔

(جاری ہے)

اب باقی ماندہ تین کنال پر کبھی زبردستی قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

ایک کنال اراضی عابد شاہ پرو فروخت کی جس نے محکمہ مال کی ملی بھگت سے تین کنال پر قبضہ جما لیا۔باقی ماندہ تین کنال اراضی پر بھی قبضہ کرنے کیلئے میرا میرے خاوند اور بچوں کا جانی دشمن بن گیا ہے۔چند روز قبل اس نے قاتلانہ حملہ ہمارے گھر آکر کیا جس کی رپورٹ تھانہ چناری میں کرانے گئی تو انہوں نے مجھے حبس بجا میں کئی گھنٹے بٹھائے رکھا ظالم شخص سے ہماری جان بچانے والے ہمارے محلہ دار جعفر شاہ کو پولیس نے پوری رات مرغا بنا کر کان پکڑوائے رکھا۔

تھانہ چناری کے آفیسران کہتے ہیں کہ جب کوئی قتل ہوا تو رپورٹ درج کریں گے۔تھانہ چناری کے ہتک آمیز سلوک کے باعث آئی جی پی آزاد کشمیر کو درخواست دی ہے۔جنہوں نے ایس ایس پی ہٹیاں بالا کو فوری کارروائی کی ہدایت دے دی ہے۔میں وزیراعظم آزاد کشمری اور انسپکٹر جنرل پولیس سمیت دیگر ارباب اختیار سے جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہوں کہ عابد شاہ کیخلاف کارروائی کی جائے۔