پٹرول ، گیس کے بعد بجلی کے نرخوں میں اضافہ غریبوں کے اوپر مہنگائی کا ڈرون گرانے کے مترادف ہے

بدقسمتی سے محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک کومعاشی لحاظ سے تنزلی کا شکا ر بنا دیا ہے : ذکر اللہ مجاہد ملکی اداروں میں ہونے والی کرپشن اور خساروں کو پورا کرنے کیلئے حکومت عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے

جمعہ 29 جون 2018 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پٹرول ، گیس کے بعد بجلی کے نرخوں میں اضافہ غریبوں کے اوپر مہنگائی کا ڈرون گرانے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 170 میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیپرا کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ صارفین پر 15 ارب سے زائد کا اضافی بوجھ بڑھائے گا پہلے ہی پٹرول اور گیس کی بے تحاشہ قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور اب عوام کو مزید دیوار کے ساتھ لگانے کیلئے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جوکہ عوام کی زندگی کو مزید اجیرن بنا دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اداروں میں ہونے والی کرپشن اور خساروں کو پورا کرنے کیلئے حکومت عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے۔

(جاری ہے)

نگراں حکومت سابقہ حکمرانوں کے طرز حکمرانی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران اپنے من پسند اورنج لائن ٹرین جیسے پروجیکٹس پر کام کرنے کی بجائے بجلی کے بحران پر قابو پانے کو ترجیح دیتے تو آج یہ دن دیکھنے نہ پڑھتے۔ ذکر اللہ مجاہد نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کے قومی اداروں میں ہونے والی کرپشن اور خساروں کو پورا کرنے کیلئے عوام کی جیبوں سے پیسہ نکلوانے کی بجائے کوئی ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور گیس و بجلی کے حالیہ اضافوں کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ غریب عوام کو کچھ تو ریلیف ملے ۔