چین کے قائم مقام سفیر کی سینیٹ میںقائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات

جمعہ 29 جون 2018 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) پاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر ڑاو لی جن نے قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان اور چین کے باہمی امور سی پیک اور عام انتخابات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔سینیٹ سیکرٹیریٹ کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں ہوئی۔

جس میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کی تاریخ ہے جس کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین ما زی ڈنگ نے رکھی ، اس وقت سے لے کر اب تک دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو، سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ چین کے ساتھ تعلقات اور دوستی کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے اور چین کے ساتھ تعلقات میں پارٹی کی ہر سطح پر اتفاق رائے موجود ہے۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے نے کہا کہ اقتصادی اور اسٹریٹجک شعبوں میں یہ تاریخی دوستی دونوں ممالک کے لئے فائدہ مندہے جبکہ سی پیک کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات اور دوستی فروغ ملا ہے۔شیری رحمان نے چین کے قائم مقام سفیر کے بیان کی بھی تعریف کی جس میں انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ سی پیک کے قیام اور بنیاد میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کا انتہائی اہم کردار تھا۔چین کے قائم مقام سفیرنے قائد حزب اختلاف کو بتایا کہ اب تک سی پیک کہ مختلف پراجیکٹس میں قریب ستر ہزار ملازتیں پیداہوئی ہیں اور سی پیک پراجیکٹس میں لوکل لیبر کو ترجیح دی جارہی ہے۔