صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، عوام عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر اپنا رائے دہی کا استعمال کریں،نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری

جمعہ 29 جون 2018 23:55

کوئٹہ۔29جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، عوام عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر اپنا رائے دہی کا استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن کے عمائدین پر مشتمل ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے حاجی فیض اللہ نورزئی کی قیادت میں یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت صوبے میں غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائے گی، تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع میسرہوں گے اور ہماری کوشش ہوگی کے تمام ووٹر بغیر کسی رکاوٹ کے پولنگ سٹیشنوں تک پہنچیں اور آزادی کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں،وفد نے نگران وزیر اعلیٰ کو عہدہ سنھبالنے پر مبارکباد پیش کی اوران کے موقف کی تائید کرتے ہوئے صوبے میں عام انتخابات کے انعقاد اور دیگر مسائل کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔