احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی انتخابات کے بعد 5 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی

غیر مشروط معافی مانگ لی لہٰذا توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے‘احسن وکیل کے وکیل کی عدالت سے استدعا

پیر 2 جولائی 2018 14:04

احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی انتخابات کے بعد 5 ستمبر تک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور (ن) لیگی رہنما احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عام انتخابات کے بعد 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی فل بینچ نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر احسن اقبال کے وکیل کی جانب سے تفصیلی جواب جمع کرایا گیا، (ن) لیگی رہنما کے وکیل نے کہا کہ تفصیلی جواب میں ان کے موکل نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔عدالت نے احسن اقبال سے مکالمہ کیا کہ کیا آپ نے اپنے جواب میں اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے، آپ نے اپنے جواب میں اپنی تعریفیں زیادہ کی ہیں۔عدالت نے کہا کہ عدالت سے باہر جاکر آپ بیان دیتے ہیں کہ آپ کی جماعت کو نشانہ بنایا بنایا جارہا ہے، ایک طرف کہتے ہیں آئندہ ایسی بات نہیں کریں گے، باہر پھر وہی باتیں کرتے ہیں، آپ سیاسی ورکر ہیں، سیاسی ورکر کا دل عام لوگوں سے بڑا ہوتا ہے، آپ عدالتوں کے بارے میں ایسے ہی کمنٹس کریں گے تو کیا ہو گا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے سابق وفاقی وزیر سے مزید کہا کہ آپ نے جو تقریر کی، کیا تقریر کے لیے درست موقع تھا جو آپ کی لیڈرشپ کررہی ہے وہ کیا ہے ایک سو پیشیاں بھگت لیں تو کیا ہوا ۔عدالت نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر شاہد خاقان عباسی پیش ہوئے جو میرٹ پر تھا ان کو دیا۔احسن اقبال کے وکیل نے استدعا کی کہ غیر مشروط معافی مانگ لی لہٰذا توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے۔تاہم فل بینچ نے توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کو توہین عدالت کیس میں سزا سنائی جس کے بعد وہ پانچ سال تک الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔