سنی تحریک سندھ کے صدر مولانا نور احمد قاسمی کاجمعیت علماء پاکستان کے امیدوار صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی بھر پور حمایت کا اعلان

بدھ 4 جولائی 2018 23:45

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) پاکستان سنی تحریک سندھ کے صدر مولانا نور احمد قاسمی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 227 حیدرآباد سٹی پر جمعیت علماء پاکستان کے امیدوار صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک کے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں مختلف جماعتوں سے بھی رابطے کئے جا رہے ہیں ، وہ حیدرآباد ڈویژنل سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر صوبائی رہنما خالد حسن عطاری ،ڈویژنل صدر اکبر رضاقادری ، صوبائی رہنما عمران سہروردی ،ضلعی صدر عابد قادری ، ضلعی رہنما محمد شفیق میو قادری ، بچل بلوچ سلطانی ، پی ایس63کے امیدوار جاوید راجپوت، پی ایس 64کے امیدوارغلام رسول میو ، پی ایس 65کے محمد علی ملک ،پی ایس 66کے تنویر احمد صدیقی اور پی ایس 67کے امیدوارسید ساجد علی کاظمی بھی موجود تھے ، مولانا نور احمد قاسمی نے مزید کہاکہ ڈاکٹر صاحب زادہ ابوالخیر محمد زبیر ایک بہتر انتخاب ہے اس لیے سنی تحریک ان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان سنی تحریک الیکشن 2018ء میں بھر پور انداز سے حصہ لے رہی ہے حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں پاکستان سنی تحریک کے امیدوار میدان میں ہے،انہوں نے ایس ایس پی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان سنی تحریک کے نامزد امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کریں۔