Live Updates

تحریک انصاف چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی پاکستان لائیگی ،ْعمران خان

تقسیم سے قبل مسلم لیگ (ن) بڑی جماعت نہیں تھی ،ْکسی بھی معاشرے میں انصاف کے لیے پہلے برابر کے حقوق دینے ہوں گے ،ْخطاب

اتوار 8 جولائی 2018 17:50

تحریک انصاف چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی پاکستان لائیگی ،ْعمران خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت کو اقتدار ملا تو چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی پاکستان لے کر آئیں گے۔چوہدری رحمت علی میموریل کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تقسیم سے قبل مسلم لیگ (ن) بڑی جماعت نہیں تھی۔

انہوںنے کہاکہ چوہدری رحمت علی بانیانِ پاکستان میں سے ایک ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان بنانے کی بات کی، اگر عوام ان کی جماعت کو الیکشن میں کامیاب بناتی ہے تو وہ چوہدری رحمت علی کا پاکستان بنائیں گے۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان کی جماعت چوہدری رحمت علی کا جسدِ خاکی پاکستان لائے گی۔اس موقع پر عمران خان نے چوہدری رحمت علی میموریل کونسل کی پیش کردہ یاداشت پردستخط بھی کیے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں عمران خان نے یورپی ملک سوئٹزرلینڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہاں 4 علیحدہ علیحدہ ممالک کی قومیں مل جل کر رہتی ہیں، انہیں یہاں برابر کے حقوق مل رہے ہیں اور یہ کبھی نہیں کہتے کہ یہ واپس اپنے آبائی ملک کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں انصاف کے لیے پہلے برابر کے حقوق دینے ہوں گے۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنی تقریر میں مغربی اور مشرقی جرمنی کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشرے میں پسماندہ علاقوں کو پہلے ترقی دی جاتی ہے اور جب ان دونوں ملکوں کا دوبارہ انضمام ہوا تو اس کے بعد وہاں جو ترقی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔

پاکستان میں ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملک کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کے بجائے بڑے شہروں کو مزید ترقی دی گئی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی اپنی محرومی کے خلاف آواز اٹھانا بالکل درست ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبہ پنجاب کے 6 کھرب 35 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا آدھے سے زائد حصہ صرف لاہور پر ہی خرچ ہوا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں انصاف اور انسانیت نہ ہو تو وہاں فلاح ہو نہیں سکتی۔انہوںنے کہاکہ مدینے میں دنیا کی سب سے پہلی فلاحی ریاست تشکیل دی گئی، پاکستان بھی ایک فلاحی ریاست ہے، اور اس کے لیے اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح جیسی شخصیت ملی۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کے ہیروز کو یاد رکھنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات