6 ماہ بعد ن لیگ، پی پی، پی ٹی آئی اور اے این پی ایک کنٹینر پر کھڑی ہونگی

طوفان سے پہلےچھوٹی موٹی آندھیاں آرہی ہیں، اے این پی کو میدان خالی کرنے کا پیغام دیا گیا ہے: جاوید ہاشمی کا پشاور دھماکے پر ردعمل

muhammad ali محمد علی بدھ 11 جولائی 2018 18:58

6 ماہ بعد ن لیگ، پی پی، پی ٹی آئی اور اے این پی ایک کنٹینر پر کھڑی ہونگی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جولائی2018ء)  جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ 6 ماہ بعد ن لیگ، پی پی، پی ٹی آئی اور اے این پی ایک کنٹینر پر کھڑی ہونگی، طوفان سے پہلےچھوٹی موٹی آندھیاں آرہی ہیں، اے این پی کو میدان خالی کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے پشاور دھماکے پر ردعمل دیا ہے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ دھماکا کرنے والے ہمارے اورجمہوریت کے دشمن ہیں۔

جاوید ہاشمی کا دعوی ہے کہ اے این پی کو میدان خالی کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔ جاوید ہاشمی کا مزید کہنا ہے کہ طوفان سے پہلےچھوٹی موٹی آندھیاں آرہی ہیں۔ 6 ماہ بعد ن لیگ، پی پی، پی ٹی آئی اور اے این پی ایک کنٹینر پر کھڑی ہونگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں اے این پی کے رہنما ہارون احمد بلور سمیت 20 افراد شہید اور 63 زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

ہارون احمد بلور شہید بشیر احمد بلور کے صاحبزادے تھے۔ پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون احمد بلور کے جلسہ میں ہونے والے خودکش دھماکہ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ جے آئی ٹی میں سات افسر شامل ہیں اور اس کی سربراہی ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کرینگے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آپریشنز کرینگے اور اس میں دیگر افسران شامل ہونگے۔

جے آئی ٹی خودکش حملہ کی شناخت، سہولت کاروں کی شناخت، خودکش حملہ آور کی جانب سے استعمال کئے گئے روٹ کے حوالے سے تحقیقات کرے گی۔ جے آئی ٹی ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی. جبکہ یہ بات بھی واضح رہے کہ خفیہ ادارے پہلے سے ہی جن جماعتوں کے جلسوں کے نشانہ بننے کا بتا چکے ہیں اے این پی ان میں سے ایک ہے ۔محکمہ انسداد دہشتگردی نے خفیہ اداروں کی 2 رپورٹس کی بنیاد پر خبردار کیا ہے کہ الیکشن کے عمل کو تباہ کرنے کے لیے دہشتگردوں کی جانب سے ممکنہ تخریب کاری اور خود کش دھماکے ہو سکتے ہیں۔

نیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں انکشاف ہوا ہے کہ انتخابات 2018 کے دوران 18 سیاسی رہنماؤں پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے۔ نیکٹا حکام کے مطابق ممکنہ حملوں سے متعلق آئی ایس آئی اور آئی بی کی جانب سے نیکٹا کو آگاہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے تما م صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ نیکٹا حکام کے مطابق الیکشن کے دوران 12عام اور 6 مخصوص سیاسی شخصیات کے لئے تھرٹ الرٹ موصول ہوئی ہیں اوردہشت گردوں کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی ٹاپ لیڈر شپ کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے.