غیر معیاری ایل پی جی سلنڈر والی مسافر گاڑیوں کے خلاف فوری اقدامات کرنے کا حکم جاری

جمعرات 12 جولائی 2018 16:42

سرگودھا۔12 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں غیر معیاری ایل پی جی سلنڈر والی مسافر گاڑیوں کیخلاف فوری اقدامات کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ایس ایس پیزکو حکم دیا ہے کہ وہ غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنیوالی گاڑیوں کو فوری طور پر تھانوں میں بند کریں تاکہ ان غیر معیاری سلنڈوں کی وجہ سے آئے روز ہونیوالے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں مدد مل سکے، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں غیر معیاری سلنڈر پھٹنے سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس پر حکومت پنجاب نے تمام اضلاع کے ایس ایس پی صاحبان اور سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنیوالی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کریں اور ان سے سلنڈروں کو اتروائیں تاکہ آئندہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچنے میں مدد مل سکے۔