پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے حوالے سے اپنے خدشات و تحفظات الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ دیئے

لاڈلے کی بادشاہی اورجی ڈی اے لاڈلے کے ساتھ ہے ، یہ تاثر ختم نہیں ہو گا تو الیکشن بے معنی ہے، ہمارے انتخابی پوسٹرز اتارے اورکچھ لاڈلی پارٹیوں کے رکھے جا رہے ہیں ، سیاسی انجینئرنگ کا ہدف پیپلز پارٹی رہی ہے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 جولائی 2018 21:07

پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے حوالے سے اپنے خدشات و تحفظات الیکشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے حوالے سے اپنے خدشات و تحفظات الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ دیئے ، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ جی ڈی اے لاڈلے کے ساتھ ہے اور لاڈلے کی بادشاہی ہے، یہ تاثر ختم ہونا چاہیے، اگر یہ تاثر ختم نہیں ہو گا تو الیکشن بے معنی ہے، ہمارے انتخابی پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں، کچھ پارٹیاں لاڈلی ہیں جن کے پوسٹر رکھے جا رہے ہیں، بدتمیزی کی سیاست پیپلز پارٹی نہیں کرتی، سیاسی انجینئرنگ کا ہدف پیپلز پارٹی رہی ہے، سیاسی جماعتوں کے اشتہارات میں نازیبا زبان استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آج ہماری چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمشنر سے ملاقات عام ملاقات ہوئی ہے، ہمارے کچھ خدشات تھے جن سے ہم نے انہیں آگاہ کیا ہے۔

اس وقت ملک میں بہت سارے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سب سے پہلا مسئلہ ہے، پرسوں پشاور میں ایک سانحہ ہوا، اس کے تناظر میں سیکیورٹی کے سوالات ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی نے بہت شہادتیں دیں ہیں، ہمارے ان گنت کارکن شہید ہوئے ہیں، سیکیورٹی کی عدم فراہمی گرائونڈ پر نظر آتی ہے، بلاول بھٹو منشور ہاتھ میں لئے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے قافلے کو اجازت کے باوجود اوچ شریف میں روکا گیا،یہ خطرے سے خالی بات نہیں ہے اگر کچھ ہو جاتا تو کون جواب دیتا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو لیول پلینگ فیلڈ ملنی چاہیے، ایک دبائو کا ماحول ہے، ہم نے نام بھی شیئر کئے ہیں، ہماری پریس کانفرنس کا میڈیا پر بلیک آئوٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اشتہارات میں نازیبا زبان استعمال نہیں ہونی چاہیے، ہمارے انتخابی پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں، کچھ پارٹیاں لاڈلی ہیں جن کے پوسٹر رکھے جا رہے ہیں، بدتمیزی کی سیاست پیپلز پارٹی نہیں کرتی، سیاسی انجینئرنگ کا ہدف پیپلز پارٹی رہی ہے، بہت سی باتوں کی الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جی ڈی اے لاڈلے کے ساتھ ہے اور لاڈلے کی بادشاہی ہے، یہ تاثر ختم ہونا چاہیے، اگر یہ تاثر ختم نہیں ہو گا تو الیکشن بے معنی ہے۔