عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہوگی ، سینیٹر سراج الحق

جو لوگ ووٹ لینے کے بعد اسمبلیوں میں پہنچ کر قومی سرمایہ لوٹیں ، ان کو ووٹ دینے سے ووٹ کی عزت بحال نہیں ہوسکتی ، ووٹرز ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اشرافیہ کو شکست دیں ، انتخابات میں غریبوں سے دوستی کے دعوے کرنے او ر الیکشن کے بعد 5سال تک حلقے کے عوام کو منہ نہ دکھانے والے عوامی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا میدان ،کمبڑ میں انتخابی جلسہ سے خطاب

جمعہ 13 جولائی 2018 20:28

عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہوگی ، سینیٹر سراج الحق
میدان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عزت دار کو ووٹ دینے سے ہی ووٹ کی عزت بحال ہوگی ، جو لوگ ووٹ لینے کے بعد اسمبلیوں میں پہنچ کر قومی سرمایہ لوٹیں ، ان کو ووٹ دینے سے ووٹ کی عزت بحال نہیں ہوسکتی ، ووٹرز ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اشرافیہ کو شکست دیں ، انتخابات میں غریبوں سے دوستی کے دعوے کرنے او ر الیکشن کے بعد 5سال تک حلقے کے عوام کو منہ نہ دکھانے والے عوامی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے۔

وہ جمعہ کو یہاں میدان کمبڑ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ جلسہ سے حلقہ پی کے 17 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار سعید گل اور پی کے 16 کے امیدوار اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں نے عوام سے ہی نہیں ملک سے بھی بے وفائی کی اور جس طرح عوام کے اعتماد کو بار بار ٹھیس پہنچائی ، اسی طرح ملک کے نظریے سے غداری کر کے ملک کو دولخت کردیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ستر سال سے عوام کی گردنوں پر مسلط ظالم جاگیردار اور بے رحم سرمایہ دار ہی غریب عوام کی خوشیوں کے قاتل ہیں اور اگر آج ملک میں غربت ، جہالت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ہیں تو اس کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جو بار بار پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے رہے اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے اور چوری کی دولت باہر منتقل کرتے رہے ۔

انہوں نے کہاکہ عوام ان لٹیروں کا محاسبہ کرنے اور انہیں ایوانوں کی بجائے جیلوں میں پہنچانے کے لیے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں ۔ ہمارا وعدہ ہے کہ ان لٹیروں سے چوری کی دولت کی ایک ایک پائی وصو ل کر کے اسے عوامی مسائل کے حل کے لیے خرچ کریں گے ۔ عوام کو پینے کا صاف پانی ، تعلیم ، علاج ، روزگار اور چھت کی سہولتیں دینا ایم ایم اے کی ترجیحات میں شامل ہے ۔

انہوںنے کہاکہ 25 جولائی لٹیروں کے ساتھ تمام حساب برابر کرنے کا دن ہے ۔ عوام الیکشن کے دن’’ کتاب ‘‘پر مہر لگا کر چوروں اور کرپٹ مافیا سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرلیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہمیشہ بادشاہی اللہ کی قائم رہے گی ۔ حکومت اور کرسی کسی کی قائم نہیں رہتی ۔ آج مسلم لیگ احتجاج کررہی ہے ،جب یہ اقتدار میں تھے تو پوری قوم احتجاج کر رہی تھی مگر یہ کسی کی نہیں سنتے تھے ۔

انہوںنے کہاکہ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی ۔ کامیاب وہی ہے جو اللہ کی فرمانبرداری میں ملک و قوم کی بہتری اور انسانیت کی بھلائی کے لیے کچھ کر جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کو حقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بہم پہنچانے کے لیے میدان میں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسمبلیاں شرابیوں ، زانیوں کے لیے نہیں ، خوف خدا رکھنے والوں کے لیے ہیں ۔

ہم ایک نظریاتی جنگ لڑ رہے ہیں ، قومیں اپنے نظریے پر زندہ رہتی ہیں ۔ پاکستان کو اس کی نظریاتی شناخت سے محروم کرنے کی سازش ہورہی ہے ۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار اور امریکی غلام پاکستان کو اسلام سے دور کر کے اسے ایک لبرل و سیکولر اسٹیٹ بنانا چاہتے ہیں جبکہ متحدہ مجلس عمل ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 ء کے الیکشن غلامان مصطفیؐ اور غلامان امریکہ کے درمیان مقابلہ ہے ۔ قوم 25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر ملک میں اسلامی انقلاب کی منزل کو حاصل کرنے میں ہمارا ساتھ دے ۔