Live Updates

نوازشریف اڈیالہ جیل،مریم نوازکوسہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنےکافیصلہ

نیب ٹیم نے نوازشریف اورمریم نوازکولاہورایئرپورٹ پرہی گرفتارکرلیا،احتساب عدالت نے دونوں کوایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزائیں سنا رکھی ہیں۔ میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 جولائی 2018 21:55

نوازشریف اڈیالہ جیل،مریم نوازکوسہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنےکافیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2018ء) :احتساب عدالت سے سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکولاہورایئرپورٹ پرنیب نے گرفتارکرلیا، نیب کی جانب سے نوازشریف کواڈیالہ جیل اور مریم نواز کوسہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کیا جائے گا،نوازشریف کی گرفتاری سے قبل امیگریشن کی تمام کاروائی مکمل کی گئی، نوازشریف اور مریم نوازکواحتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزائیں سنا رکھی ہیں، نوازشریف اپنی بیمار اہلیہ کلثوم نوازکے علاج کیلئے لندن میں مقیم تھے،سابق وزیراعظم نوازشریف آج گرفتاری دینے کیلئے وطن پہنچے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا طیارہ لاہورایئرپورٹ پرلینڈ کرگیا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے نوازشریف کی لاہور آمداوراس تناظر میں ن لیگی کارکنان کے استقبال کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ایئرپورٹ کا کنٹرول رینجرز نے سنبھالے رکھا۔ جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چاروں اطراف پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔

ایئرپورٹ کی جانب جانے والے تمام راستوں کوکنٹینرزاور خاردارتاریں لگا کرسیل کیا گیا۔ اسی طرح لاہور میں صبح 3بجے سے رات 11بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی۔ تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔تاہم نوازشریف کی لندن سے براستہ ابوظہبی سے لاہور ایئرپورٹ آمد سے قبل ہی نیب نے ان کی گرفتاری کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے تھے۔اسی طرح نیب کی 16رکنی ٹیم نوازشریف اور مریم نوازکی گرفتاری کیلئے لاہور ایئرپورٹ پرپہلے سے ہی موجود تھی۔

نیب ٹیم میں لیڈیز اہلکار اور میڈیکل ٹیم کے لوگ بھی شامل تھے۔ نوازشریف کی اتحاد ایئرلائن فلائٹ ای وائی243 نے ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے سوا 9 بجے کے قریب لاہور ایئرپورٹ پرلینڈ کیا۔ طیارے میں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز،ن لیگی رہنماء اور پاکستانی میڈیا سمیت بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ طیارے کی لینڈنگ کے ساتھ ہی رینجرز اور پولیس اہلکارفلائٹ کے پاس پہنچ گئے۔

اور وہاں موجود ڈی جی نیب سلیم شہزاد اورنیب ٹیم نے ان کوگرفتارکرلیا۔ اس دوران ایف آئی اے نے نوازشریف اور مریم نواز کے پاسپورٹ بھی لے لیے۔ اس موقع پرنوازشریف نے پارٹی کارکنان سے خطاب خواہش بھی ظاہر کی۔ جس کے باعث نوازشریف نے رینجرز کی گاڑی میں بیٹھنے سے انکار کردیا۔ تاہم نیب حکام ان کوپہلے سے تیار چھوٹے طیارے میں اڈیالہ جیل کی جانب لے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ نوازشریف اورمریم نوازکوسہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کیا جائے گا۔ واضح رہے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کوایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ قراردیتے ہوئے 10سال ، ان کی صاحبزادی مریم نوازکو7سال اور ان کے داماد کیپٹن رصفدر کو1سال کی قید کی سزا سنا رکھی ہے۔ تاہم نیب نے کچھ روز قبل کیپٹن رصفدر کوگرفتار کرلیا تھا۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگ نے بھرپوراستقبال کرنےکا اعلان کیا۔

نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگی کارکنان کے قافلے پنجاب بھر سے لاہورپہنچنے کے ساتھ ہی پنجاب حکومت اورانتظامیہ متحرک ہوگئی۔ انتظامیہ اور پولیس نے متعدد مقامات پرکارکنان کوروک لیا گیا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی کی گئی۔ ن لیگ کے سینکڑوں عہدیدران اور کارکنان کوگرفتار کیا گیا۔ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کوکنٹینرزلگا کربند کردیا گیا۔

تاہم اس کے باوجود ن لیگی کارکنان نوازشریف کے استقبال کیلئے پرعزم رہے۔ شہبازشریف کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے ایئرپورٹ کی جانب ریلی نکالی۔ کاروں، موٹرسائیکلوں اور بسوں پرسوارن لیگی کارکنان شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔اسی طرح راوی پل پرپولیس اور ن لیگی کارکنان میں تصادم بھی ہوا۔ پولیس نے کارکنان کوروکنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اورلاٹھی چارج بھی کیا۔ جبکہ اس کے ردعمل میں لیگی کارکنان نے بھی پولیس پرپتھراؤکیا۔ جس میں پولیس اور کارکنان زخمی بھی ہوئے۔ بعدازاں آئی جی پنجاب کلیم امام نے تمام سیاسی کارکنان کورہا کرنے کاحکم دے دیا۔آئی جی پولیس کے حکم کے ساتھ ہی سیاسی کارکنان کی رہائی کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات