Live Updates

نواز شریف، مریم نواز کی گرفتاری کے بعد لاہور ائیرپورٹ کے باہر حالات شدید کشیدہ ہوگئے

پولیس اور رینجرز پر ن لیگ کے مشتعل کارکنوں کا حملہ، کئی اہلکار زخمی، اہکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کر دی گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 13 جولائی 2018 22:22

نواز شریف، مریم نواز کی گرفتاری کے بعد لاہور ائیرپورٹ کے باہر حالات ..
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13جولائی 2018ء) نواز شریف، مریم نواز کی گرفتاری کے بعد لاہور ائیرپورٹ کے باہر حالات شدید کشیدہ ہوگئے، پولیس اور رینجرز پر ن لیگ کے مشتعل کارکنوں کا حملہ، کئی اہلکار زخمی، اہکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کر دی گئی، کچھ مشتعل ن لیگی کارکن علامہ اقبال ائیرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کے قریب امن و امان کی صورتحال بگڑ گئی ہے۔ لاہور ائیرپورٹ کے قریب ن لیگ کے مشتعل کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ پولیس اور رینجرز پر ن لیگ کے مشتعل کارکنوں نے حملہ کیا جس کے باعث کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد پولیس کی جانب سے مشتعل کارکنوں پر آنسو گیس کے شیلز کی اور ہوائی فائرنگ کی گئی ہے جس کے باعث کئی ن لیگی مشتعل کارکن بھی زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ کچھ مشتعل ن لیگی کارکن علامہ اقبال ائیرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کا طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرلینڈ کرگیا جس کے ساتھ ہی نیب ٹیم نے احتساب عدالت سے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکوگرفتارکرلیا، گرفتاری سے قبل امیگریشن کی تمام کاروائی مکمل کی گئی۔

نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے دوران جہاز کے اندر رینجرز اور ن لیگی کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ اس سے قبل سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف گزشتہ شب 12 بج کر 45 منٹ سے اتحاد ائیرویز کی پرواز ای وائے 18کے ذریعے ہیتھرو ائیرپورٹ سے روانہ ہوئے تھے ،انکا طیارہ آج صبح ابوظہبی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو ابوظہبی میں 7 گھنٹے قیام کرنا تھا تاہم اتحاد ائیرویز کی پرواز تاخیر کا شکار ہونے کے باعث انہیں ابوظہبی ائیرپورٹ پر قیام بڑھانا پڑا۔

بعد ازاں سابق وزیر اعظم نواز شریف جمعہ کی شام کو ابوظہبی ائیرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر انکی صاحبزادی مریم نواز بھی انکے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر قومی و بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے بھی پرواز میں انکے ہمراہ تھے۔ دوسری جانب نیب کی جانب سے گرفتاری کیلئے تشکیل کردہ ٹیم لاہور ائیرپورٹ پہنچ چکی تھیں۔ ائیرپورٹ پر نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ رینجرز اور اے ایس ایف اہلکاروں نے ائیرپورٹ کی سیکورٹی بھی سنبھال رکھی تھی۔ تاہم موسم کی خرابی کے باعث نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کی بجائے ایک چھوٹے نجی طیارے میں سوال کروا کر اسلام آباد روانہ کیا گیا۔



Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات