بے نظیر شہید کے ادھورے مشن کی تکمیل کیلئے میدان میں اترے ہیں، گل احمد مروت

پیپلز پارٹی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے عوام 25 جولائی کو تیر پر مہر لگائیں،صوبائی رہنماپیپلز پارٹی کا کارنر میٹنگ سے خطاب

اتوار 15 جولائی 2018 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما گل احمد مروت نے کہا ہے کہ ملک شدید بحرانوں کی زد میں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی،بے نظیر بھٹو شہید کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے میدان میں اترے ہیں، کوئی مائی کا لعل بلاول کو وزیراعظم بننے سے نہیں روک سکتا، تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جس کا بدلہ عوام ان سے انخابات میں شکست کی صورت میں لیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے عوام 25 جولائی کو تیر پر مہر لگائیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سلطان کالونی میںکارنر میٹنگ سے اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

گل احمد مروت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مختلف سیاسی جماعتوں کے مسترد کئے گئے لوگوں کی آماجگاہ بن چکی ہے، جو اپنے مفادات کے لئے تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں، تحریک انصاف میں جانے والے ہمارے تمام نظریاتی کارکن واپس آچکے ہیں جس کی بدولت پاکستان پیپلز پارٹی کے بار پھر ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہم کلین سویپ کریں گے جبکہ صوبہ پنجاب میں ہماری پوزیشن مستحکم ہے، بلوچستان میں بھی ہم انشاء اللہ بہتر رزلٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے، نہ تو ہمارے قائدین موت سے کبھی ڈرے ہیں اور نہ ہی ہم موت سے ڈرنے والے ہیں، سروں کو کفن باندھ کر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔