کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشت گردگرفتار

گرفتار افراد میں ابوبکر ، محمد جواد ، ابراہیم اور فہدشامل ، 16 ماہ سے شاہ فیصل کالون میں واقع مدرسے میں قیام پذیررہنے کا انکشاف یہ دہشت گرد انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے رہنماں کو نشانہ بنانے کے علاوہ تخریب کاری کی وارداتیں کرنا چاہتے تھے،ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید شیخ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 17 جولائی 2018 20:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) کراچی میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید شیخ نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ابوبکر ، محمد جواد ، ابراہیم اور فہد سے ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور یہ جنوبی وزیرستان میں ایف سی کی متعدد چوکیوں پر حملوں میں بھی ملوث ہیں۔ مبینہ دہشت گرد سولہ ماہ سے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع ایک مدرسے میں رہ رہے تھے ۔ انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے رہنماں کو نشانہ بنانے کے علاوہ تخریب کاری کی وارداتیں کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے چاروں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان، لشکر جھنگوی اور انصارالشریعہ سے بتایا ہے۔