Live Updates

فیصلے کی ٹائمنگ بتا رہی ہے کہ فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے ،ْ شہباز شریف کا حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ پر رد عمل

پاکستان کی عدالتوں میں ہزاروں کیس مکمل ثبوتوں کے ساتھ زیر التوا ہیں ،ْ لیگی امیدوار کے مقدماتکے فیصلوں میں تیزی دکھائی جارہی ہے ،ْ صدر (ن )لیگ

اتوار 22 جولائی 2018 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنانے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے کی ٹائمنگ بتا رہی ہے کہ فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں میں ہزاروں کیس مکمل ثبوتوں کے ساتھ زیر التوا ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کے امیدواران کے مقدمات کے فیصلوں میں خاص تیزی دکھا ئی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کا فیصلہ انصاف کے اصولوں پر مبنی نہیں ،ْعین انتخابات سے چند دن قبل آدھی رات کو اس قدر عجلت میں فیصلہ سنانا ہی ساری کہانی بیان کر رہا ہے۔مسلم لیگ (ن )کے صدر نے کہا کہ پہلے نواز شریف اور مریم نواز کو انتخابات سے قبل سزا سنائی گئی اور اب حنیف عباسی کو سزا سنا دی گئی ہے ،ْ نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلوں کو انتخابات کے بعد تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ کے تمام امیدواران، کارکنان اور ووٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے 25 جولائی کو باہر نکلیں، شیر پر مہر لگائیں اور ووٹ کی طاقت سے ان سب ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات