Live Updates

پاکستان تحریک انصاف بلوچستا ن کے صدر سردار یار محمد رند اورمرکزی رہنما نعیم الحق کی بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات، حکومت سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 2 اگست 2018 17:22

پاکستان تحریک انصاف بلوچستا ن کے صدر سردار یار محمد رند اورمرکزی رہنما ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستا ن کے صدر سردار یار محمد رند اور پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے جمعرات کو بلوچستا ن ہائوس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں حکومت سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے سردار اختر مینگل کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی۔

پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اخترمینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں، پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے ہیں، لاپتہ افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی ہم نے مطالبہ کیا ہے لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اتحادی جماعت ہے، حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کریں گے۔تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے لیڈر ہوں گے جو بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔ یار محمد رند نے کہاکہ اختر مینگل کے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھیں گے، یقین ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد اختر مینگل کی جماعت اور ہم ساتھ چلیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات