Live Updates

متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کا وزیر اعظم لانے کا اعلان کردیا

قومی اسمبلی میں مشترکہ امیدوارلائیں گے،وزیراعظم کا امیدوار ن لیگ سے ہوگا جبکہ ڈپٹی اسپیکر ایم ایم اے سے ہوگا،شیری رحمان کی میڈیا سے گفتگو

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 2 اگست 2018 19:17

متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کا وزیر اعظم لانے ..
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 اگست 2018ء) : متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کا وزیر اعظم لانے کا اعلان کردیا۔ہم خیال جماعتوں کے اجلاس کے اختتام پر سینیٹر شیری رحمان کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں مشترکہ امیدوارلائیں گے،وزیراعظم کا امیدوار ن لیگ سے ہوگا جبکہ ڈپٹی اسپیکر ایم ایم اے سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں ہم خیال جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے حوالے سے اہم فیصلے کئیے گئے۔اس حوالے سے مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ن لیگی رہنماء سردار ایاز صادق کی رہائشگار پرمنعقد ہوا۔ جس میں دھاندلی کیخلاف بھرپور احتجاج کرنے اور اسمبلیوں میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا لائحہ پرمشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ کے لائحہ عمل پرعملدرآمد کیلئے 16رکنی کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی میں سعد رفیق، احسن اقبال، مشاہد حسین سید، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، اویس نورانی ، لیاقت بلوچ، گوہر حیدری، غلام احمد بلور، میاں افتخار، عثمان کاکڑ، رضا محمد، امیر کبیر، ملک ایوب سمیت دیگر شامل ہیں۔ ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل اورایوان کی کاروائی کے حوالے سے حکمت عملی طے کرے گی۔ تمام جمہوری جماعتوں کا الائنس ہوا ہے۔تحریک انصاف کو بتائیں گے کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے۔اس موقع پر ہم خیال جماعتوں نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم ،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا امیدوار ن لیگ سے ہوگا جبکہ اسپکر کا امیدوار پاکستان پیپلز پارٹی سے ہوگا۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیے ایم ایم اے کا امیدوارہوگا۔انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ تمام جماعتوں نے ایوان میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور مضبوط اورمربوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات