رواں مون سون سیزن کے دوران بارشوں کے باعث ہونیوالے واقعات میں 67 جاں بحق ،120 زخمی ہوئے، این ڈی ایم اے

پیر 6 اگست 2018 20:34

رواں مون سون سیزن کے دوران بارشوں کے باعث ہونیوالے واقعات میں 67 جاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) رواں مون سون سیزن کے دوران 20 جون سے 5 اگست تک کے عرصہ میں بارشوں کے باعث ہونے والے واقعات میں 67 جاں بحق اور 120 زخمی ہوئے، اس دوران 222 مکانات کو نقصان پہنچا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کی مون سون کے حوالہ سے یومیہ صورتحال رپورٹ کے مطابق تیز بارشوں، آبی گزرگاہوں کے بہائو اور تیز ہوائوں کے سبب مختلف علاقوں میں مالی و جانی نقصانات ہوئے۔

سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جن میں 24 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، صوبہ پنجاب میں 7 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک مکان مکمل طور پر تباہ ہوا، صوبہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 71 ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں 17 اموات ہوئیں جن میں 4 مرد، 3 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں جبکہ 37 افراد زخمی ہوئے، صوبہ خیبرپختونخوا میں 85 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا اور 26 مکمل تباہ ہوئے۔

(جاری ہے)

صوبہ بلوچستان میں رواں مون سون کے دوران 2 ہلاکتیں ہوئیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں 10 ہلاکتیں ہوئیں جن میں 6 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے۔ آزاد جموں و کشمیر میں 36 مکانات کو نقصان پہنچا۔ گلگت بلتستان میں 2 اموات ہوئیں اور 57 مکانات کو نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے صوبائی اور ضلعی اداروں کی جانب سے متاثرین میں خیمے اور غذائی اشیاء تقسیم کی گئیں۔