تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو سردار غلام مصطفی خان کو ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا،

نماز جنازہ میں سابق صدر سردار یعقوب خان ، سابق سپیکر سیاب خالد ، وزراء حکومت ، سیکرٹریز ، صحافتی تنظیموں کے عہدیداران کی شرکت

ہفتہ 11 اگست 2018 19:22

راولاکوٹ/مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو و سابق زراعت آفیسر سردار غلام مصطفی خان کو ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں ان کے آبائی گائوں سون ٹوپہ راولاکوٹ میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ان کی نماز جنازہ میں سابق صدر سردار یعقوب خان ، سابق سپیکر سیاب خالد ، وزراء حکومت ، سیکرٹریز ، صحافتی تنظیموں کے عہدیداران ، ڈاکٹر کمیونٹی کے علاوہ سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر مرحوم سردار غلام مصطفی خان کی تحریک آزاد ی کشمیر اور سیاسی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک تعزیتی ریفرنس کا بھی انعقاد کیاگیا جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی جنگ آزادی کشمیر سے لیکر سیاسی و حکومتی خدمات کو سراہا ، ان کی وفات کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

(جاری ہے)

مرحوم غلام مصطفی خان نہ صرف ایک غریب پرور انسان تھے بلکہ ان کا شمار آزاد کشمیر کے نہایت دیانتدار اور قابل ترین آفیسرز میں ہوتا تھا ۔ مرحوم کا بحیثیت آرمی کے مجاہد فورس منڈل سیکٹر میں دشمن کیخلاف جنگ آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ مرحوم سردار غلام مصطفی خان چیئرمین ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر و سابق ڈی جی ہیلتھ سردار محمود خان اور سینئر صحافی سردار رضا خان کے والد گرامی تھے ،ان کی وفات پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ، وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان ، تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، وزراء اور اعلیٰ فوجی سول افسران نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔