Live Updates

سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل ہو چکا ہے، عمران اسماعیل

کراچی دس سال میں بہت پیچھے چلا گیا ہے، عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، میڈیا سے گفتگو

اتوار 12 اگست 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سندھ کے نامزد گورنر عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کیلئے اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل ہو چکا ہے، پارٹی میں مشاورت کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات ہو گی۔وہ اتوار کو اسلام آباد سے کراچی پہنچنے کے بعد ایئر پورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل ہو چکا ہے جو تحریک انصاف سے ہو گا، تاہم اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، پارٹی مشاورت کے بعد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں سے ملاقات ہو گی۔ اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف سے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی دس سال میں بہت پیچھے چلا گیا ہے، عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، ان کے ویژن کے مطابق شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور رہے گی، اس کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہم حقیقی تبدیلی لے کر آئیں گے، متحرک گورنر کی حیثیت سے ہرشہر جاؤں گا۔عمران خان نے کبھی گورنر ہاؤس کو بلڈوز کرنے کا نہیں بلکہ یونیورسٹی بنانے کا کہا تھا، گورنر ہاؤس کو پبلک کے لیے کھولیں گے اور اخراجات کو کم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کی حیثیت سے سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، کراچی کی ترقی میں وفاق اپنا حصہ ڈالے گا، بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو یقینی بنائیں گے، کوشش ہو گی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہو جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات