قومی اسمبلی میں کئی قریبی رشتہ داروں نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا

پیر 13 اگست 2018 14:05

قومی اسمبلی میں کئی قریبی رشتہ داروں نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) قومی اسمبلی میں کئی قریبی رشتہ داروں نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں میاں، بیوی، بیٹے، باپ بیٹے، بہن بھائی سمیت کئی رشتہ داروں نے بھی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور ان کے بیٹے زین قریشی، مسلم لیگ (ن) کے محمد پرویز ملک، ان کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک اور بیٹے علی پرویز ملک نے بھی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

پیپلز پارٹی کے رضا ربانی کھر اور ان کی بہن حنا ربانی کھر نے بھی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک، ان کی بھابھی نفیسہ عنایت الله خان خٹک اور بھتیجے عمران خٹک بھی قومی اسمبلی کے رکن بن گئے۔ مولانا فضل الرحمان کے فرزند مولانا اسد اور ان کی خالہ شاہدہ اختر علی بھی نئی اسمبلی میں حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔