حلقہ این اے 65چکوال دو کی نشست چوہدری پرویز الہٰی نے خالی کر دی،

اپوزیشن متفقہ امیدوار لا کرچوہدری شجاعت حسین کیلئے مشکل صورتحال پیدا کر سکتی ہے

پیر 13 اگست 2018 23:28

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) حلقہ این اے 65چکوال دو کی نشست چوہدری پرویز الہٰی نے خالی کر دی جس کے نتیجے میں اب آئندہ45 دنوں میں اس حلقے میں ضمنی الیکشن کرانا ایک آئینی ضرورت ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی اس حلقے سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے ایک لاکھ55ہزار ووٹ لیکر منتخب ہوئے تھے۔ اس نشست پر مسلم لیگ ن کے سردار فیض ٹمن نے ایک لاکھ چھ ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔

(جاری ہے)

دیگر اپوزیشن جماعتوں میں پیپلز پارٹی، تحریک لبیک پاکستان، متحدہ مجلس عمل اور آزاد امیدواروں نے بھی 45ہزار سے زائد ووٹ لیے تھے۔ سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر اپنا امیدوار میدان میں اتارا توچوہدری شجاعت حسین کیلئے مشکل صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی نے تلہ گنگ اور گجرات کی نشستیں چھوڑ کر اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست برقرار رکھی ہے جہاں پر حکمران اتحاد نے چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی کا سپیکر نامزد کیا ہے۔