Live Updates

عمران خان کی حلف برداری تقریب‘کپل دیو کی بھی شرکت کرنے سے معذرت

ذاتی مصروفیات کے باعث شرکت نہیں کر رہا‘اسلام آباد کی نئی حکومت سے پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کم ہونے کی امید ہے ‘سابق کپتان

منگل 14 اگست 2018 15:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے بھی شریک کرنے سے معذرت کر لی ہے‘وہ ذاتی مصروفیات کیوجہ سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی وزیراعظم حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کر رہے۔منگل کو بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹ کپتان کپل دیو نے اپنے ایک بیان میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 18اگست کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت ذاتی مصروفیات کیوجہ سے نہیں کر رہا‘عمران خان کی نئی حکومت کیلئے دعا گو ہیں‘امید ہے نئے دور میں پاک بھارت تعلقات کی کشیدگی میں کمی آئے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل سابق کپتان سنیل گواسکر بھی کمنٹری میں مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت سے معذرت کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی تقریب حلف برداری 18 اگست کو شیڈول ہے۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا تھا جن میں سابق اوپنر سنیل گواسکر،سابق کپتان کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننا بڑا موقع ہے‘توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو تقریب کا دعوت نامہ قبول کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے،سیاسی نہیں،عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں،وہ زبردست شخص ہیں،ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں،کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) 115 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 نشستوں کیساتھ دوسری جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) 43 سیٹوں کیساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے ) کی قومی اسمبلی میں 12،،پاکستان مسلم لیگ (ق)5، ایم کیو ایم پاکستان 6 ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای) 2 جبکہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت، عوامی نیشنل پارٹی((اے این پی) اوربلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کا ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات