ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں یوم آزادی کے موقع پر درخت لگا کر سرسبز و شاداب پاکستان مہم کا آغاز

جمعہ 17 اگست 2018 14:45

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں یوم آزادی کے موقع پر درخت لگا کر سرسبز و شاداب پاکستان مہم کا آغاز کیا گیا، یوم آزادی کی تقریبات ہسپتال میں بھی جوش و عقیدت سے منائی گئیں، ہسپتال کی عمارت پر چراغاں کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ یوم آزادی کے موقع پر ہسپتال میں تقریباً 1600 مریضوں کو او پی ڈی سروسز مہیا کی گئیں، 270 سے زائد مریضوں کا ہسپتال میں داخلہ ہوا جبکہ اس روز 30 بچوں نے جنم لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایوب میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا محمد خان نے یوم آزادی کی مناسبت سے ہسپتال کے احاطہ میں پہلا پودا لگا کر قومی شجرکاری مہم میں حصہ ڈالنے کا آغاز کیا۔ انہوں نے پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت درخت پاکستان کی اہم ضرورت ہیں، ہمارے ہسپتال کے پاس ایک بڑا علاقہ موجود ہے جہاں پر ہم نے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کا آغاز کر دیا ہے۔ ہسپتال ڈائریکٹر خیال آفریدی نے جشن آزادی کے موقع پر کہا کہ ہسپتال کی تزئین و آرائش کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے جس میں ہسپتال کے اندر وارڈز اور آپریشن تھیٹرز کی مرمت و تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔