شجرکاری سے ماحولیاتی آلودگی کاخاتمہ ممکن ہوسکتا ہے،راجا عبدالقیوم

مون سون میں وہاں لینڈ سلائیڈنگ سے زیادہ نقصانات ہوئے جہاں درخت نہیں تھے،چیئرمین پی اے سی موحولیاتی مسائل سے دنیا پریشان ، یہ مسائل ملکوں کی انفرادی کوتائیوں کابھی نتیجہ ہیں،کنگ عبد اللہ کیمپس میں خطاب

جمعہ 17 اگست 2018 16:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں ہائرایجوکیشن کمیشن کی ہدایت پرکنگ عبداللہ کیمپس میں شجر کاری مہم کا آغاز ہو گیا۔ جامعہ کشمیر کے کنگ عبداللہ کیمپس چھترکلاس میں شجرکاری مہم کے سلسلہ میںسینکڑوں پودے لگائے گئے۔شجرکاری مہم کے سلسلہ میں یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقادکیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اوقاف راجا عبد القیوم خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کیلئے جامعہ کشمیر کے طلبہ کو ایک لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔جامعہ کشمیر اور محکمہ جنگلات کی طرف سے شروع کی جانے والی شجرکاری مہم خوش آئند ہے۔ کنگ عبداللہ کیمپس میں اگر ایک سٹوڈنٹ نے ایک پودا بھی لگایا تو اس علاقے کی آب وہوا پر بہتر اثر ڈالنے کے ساتھ آلودگی میں بھی کافی کمی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکائوٹنس کمیٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ پودے آکسیجن کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہیں، یہ امر باعث اطمینان ہے کہ آزاد کشمیر کا خطہ ابھی گلو بل وارمنگ سے پاک ہے مگر ہمیں اس طرف سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ مون سون بارشوں میں ان مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے زیادہ نقصانات ہوئے جہاں درخت نہیں تھے۔ سلائیڈنگ کو روکنے میں درختوں کااہم کردار ہوتا ہے۔

ڈاکٹر مصطفی بشیر نے جامعہ کشمیر اور محکمہ جنگلات کے حکام کو شجرکاری مہم کا آغاز کرنے پر مبارکبا ددی۔ اس موقع پر جامعہ کشمیرکے ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ اس سے لوگوں کی صحت اور آلودگی میں بھی کمی واقع ہو گی۔ عالمی موحولیاتی مسائل سے ساری دنیا پریشان ہے یہ مسائل ملکوں کی انفرادی کوتائیوں کے نتیجے میں عالمی ماحولیاتی مسائل کا سبب بن رہے ہیں۔

انکے اثرات تمام ملکوں پر پڑ رہے ہیں، درخت لگانے سے یقینا ماحول بہتر ہو گا۔ ناظم اعلیٰ جنگلات ڈاکٹر راجا اورنگ زیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ،محکمہ جنگلات کی کوشش اس وقت تک بہتر نتائج نہیں دی سکتی جب تک تمام ادارے اور افراد معاونت نہ کریں۔ چیئرمین شعبہ باٹنی ڈاکٹر ریحانہ کوثر نے اپنے خطاب میں کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں،جہاں ماحول کی خوبصورتی میں انکا کردار ہے وہاں انکی افادیت بھی بے حد وبے حساب ہے۔

شجرکاری مہم کے سلسلہ میں جامعہ کشمیر کے زیر تعمیر کنگ عبد اللہ کیمپس چھتر کلاس میںوزیر اوقاف راجہ عبدالقیوم خان،چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر، ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان،ڈین آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، رجسٹرارپروفیسر ڈاکٹرغلام مرتضیٰ،چیئرپرسن شعبہ باٹنی ڈاکٹر ریحانہ کوثر، ناظم اعلیٰ جنگلات راجا اورنگزیب،کوارڈینٹر کیمپس سید ذوار حسین نقوی،ڈائر یکٹر سٹیٹ مجیب ظفر اور طلبہ نے مختلف ایریا میں مختلف تعلیمی بلاکس اور خالی جگہوں پرمحکمہ جنگلات کے تعاون سے پودے لگائے جائیں گے۔