عیدالا ضحی کے موقع پرضلع ر اولپنڈی میں 400 سے زائد ریسکیورزہائی الرٹ رہیں گے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر

ہفتہ 18 اگست 2018 19:08

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122راولپنڈی کی ایمبولینس ،ریسکیو اورفائر سروس ضلع بھر میں عیدالا ضحی کی تعطیلات پر ایمرجنسی میں مدد کے لیے ہائی الرٹ رہیں گی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 راولپنڈی ڈاکٹرعبدالرحمان نے سنٹرل ریسکیو اسٹیشن راول میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے عیدالا ضحی کے موقع پر کیے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں حتمی شکل دی۔

میٹنگ میںراولپنڈی کے تما م ریسکیو اسٹیشنز کے افسران نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں اہم مقامات، مساجد اورعید گاہوں پرایمبولینس اور فائر وہیکل کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ریسکیو موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی جہاں کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعہ کی صورت میں ایمرجنسی کوفراہم کرنے کے لئے تربیت یافتہ ایمرجنسی پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود ہو گا۔

(جاری ہے)

عید کی چھٹیوں کے دوران ریسکیو 1122پورے ضلع میں ایمرجنسیز سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہونے کے لئے ہر دم تیار رہے گی۔راولپنڈی میں400سے ذائد ریسکیو اہلکاروں کی سپیشل ڈیوٹی کنٹرول روم، ایمرجنسی ریسکیو اسٹیشنز، 23ایمرجنسی ایمبو لینسز،09 فائر وہیکلز، 05 ریسکیو اینڈ ریکوری وہیکلز، 02اسپیشل وہیکلز،02 واٹر بائوزراور 45موٹر بائیک ایمبولینسزپر لگادی گئی ہے ۔

09ذی الحج کومویشی منڈی گلزار قائد، KRLروڈ نزد چھتر ی چوک،Wheatگودام IJPروڈ،داما سیداں (جھاڑی سٹاپ) اڈیالا روڈ، کار چوک بوسٹن خاں روڈ گلریزاور یونین کونسل چکری چوک پر ریسکیو پوسٹس قا ئم کی جائے گی جبکہ نمازعیدالا ضحی کے دوران عید گاہ شریف، چلڈرن پارک گوالمنڈی ، لیاقت باغ گراونڈ ،جامع مسجد فیض مدینہ اڈیالہ روڈ، کیپٹن بلال شہید چوک چکلالہ سکیم3 اور 22نمبر چونگی چوک کے مقامات پرKey Points بنائے جائیں گے مزیدبراں عید کے تینوں دن جی پی او چوک صدر،جنا ح پارک،ایونیشنل پار ک ،JCPگلزار قائد، نواز شریف پارک اور ٹی چوک روات پر ریسکیورز اپنی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔

اس سلسلے میں آپریشنل سٹاف عید کے دوران صدفیصد حاضر ہوں گے اور اس حوالے سے تمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور ضلعی کنٹرول روم تمام ضروری ایمرجنسی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ مزید برآںعیدالا ضحی کے اجتماعات پر مو ثر طبی امداد کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی جہاں جدیدکارڈیک ایمبو لینس گاڑیاں اور تر بیت یافتہ سٹاف اپنی ایمر جنسی میڈیکل کٹِ کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہے گاتاکہ ضرورت پڑنے پر بر وقت فوری طبی امداد مہیا کی جاسکے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمان نے تمام شہریوں کو عید کی مبارکباد دی ہے اورنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ اپنی فیملی کے ساتھ عیدکی چھٹیوںسے پہلے اور بعد میں گھروں کو جاتے ہوئے احتیاط سے گاڑی چلائیں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔