Live Updates

عثمان بزدار نامنظور، تحریک انصاف میں بغاوت ہوگئی

تحریک اںصاف کے کارکنوں نے عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کے فیصلے کی مخالفت کردی، ٹوئٹر پر باقاعدہ ٹرینڈ بنا کر شدید احتجاج

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 اگست 2018 22:26

عثمان بزدار نامنظور، تحریک انصاف میں بغاوت ہوگئی
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اگست 2018ء) عثمان بزدار نامنظور، تحریک انصاف میں بغاوت ہوگئی، تحریک اںصاف کے کارکنوں نے عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کے فیصلے کی مخالفت کردی، ٹوئٹر پر باقاعدہ ٹرینڈ بنا کر شدید احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایک انجان رکن پنجاب اسمبلی عثمان گزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کی فیصلے کی مخافت کردی ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے تحفظات اور مخالفت سے آگاہ کرنے کیلئے باقاعدہ ٹرینڈ بھی بنا دیا ہے۔ عثمان بزدار نامنظور کے نام سے بنائے گئے ٹرینڈ میں تحریک انصاف کے کارکن اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ عمران خان کو وزیراعلی پنجاب جیسے اہم ترین عہدے کیلئے کسی بہتر شخص کا انتخاب کرنا چاہیئے تھا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے کارکنوں کا مطالبہ ہے کہ عمران خان اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کریں۔ تاہم دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی پرڈٹ گئے،انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے نام پر2ہفتے غوروفکر کیا میں ان کوایماندار شخص پایا ہے،عثمان بزدارنئے پاکستان کے نظیرے میں میرے ساتھ ہیں،عثمان بزدارکو نامزدکرنے کے فیصلے پرقائم ہوں۔

انہوں نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے ٹویٹ میں کہا کہ عثمان بزدارنئے پاکستان کے نظیرے میں میرے ساتھ ہیں۔عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزدکرنے کے فیصلے پرقائم ہوں۔عثمان بزدار کے نام پر2ہفتے غوروفکر کیا میں ان کوایماندار شخص پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار ایک ایسے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھتا ہے جو ڈیرہ غازیخان کے قبائلی علاقے پرمشتمل ہے۔

اس علاقے میں 2لاکھ لوگوں کیلئے نہ توپانی ہے اور نہ ہی بجلی ہے اور نہ ہی کوئی ڈاکٹر موجود ہے۔جس کیلئے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا کیونکہ وہ پورے علاقے کے لوگوں کی محرومیوں سے واقف ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ایسے پسماندہ علاقے سے لیا گیا جس علاقے کو نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ میں ان پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرنے کیلئے عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں۔ دوسری جانب اس کے برعکس پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف قتل کے مقدمے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کیخلاف قتل کا مقدمہ 1998ء میں درج ہوا۔ ڈی جی خان کی عدالت نے 2000ء میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار سمیت ملزمان نے دیت دے کررہائی حاصل کی تھی۔

پولیس حکام کاکہنا ہے کہ 1998ء میں پولنگ کے دوران 6 افراد قتل کردیے گئے تھے۔عثمان بزدار، والد اور بھائی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ان سب کے خلاف قتل کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عثمان بزدار کے کزن صدام بزدار نے نیب میں درخواست بھی دائر کروا رکھی ہے،جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحصیل ناظم کے دور میں جعلی بھرتیاں کروائیں۔

سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔ اسی طرح معلوم ہوا ہے کہ عثمان بزدار نے جمع کرائی گئی دستاویزات میں اپنے اثاثوں کی مالیت ڈھائی کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ ان کے پاس 24لاکھ روپے مالیت کے 3ٹریکٹر اور 36 لاکھ روپے مالیت کی 2 گاڑیاں ہیں۔ دستاویزات کے مطابق عثمان بزدار کے پاس 20 تولہ سونا اور 50 ہزار روپے کا فرنیچر ہے جبکہ ان کے چار بینکوں میں اکائونٹس ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 3 انشورنس پالیسیاں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات