Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کروڑوں پاکستانیوں کے دل کی آوازہے، پہلی دفعہ ایسا لیڈر ملا جس نے ہمارے دل کی بات کی ہے،عوامی ردعمل

پیر 20 اگست 2018 02:00

وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کروڑوں پاکستانیوں کے دل کی آوازہے، ..
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کروڑوں پاکستانیوں کے دل کی آوازہے۔انہوں نے اپنی پہلی تقریر میں اپنی حکومت کے لائحہ عمل کا تفصیل کے ساتھ بتایا۔سول سروس ریفارم ،بلدیاتی نظام میں اصلاحات ،ہیلتھ انشورنس سکیم، بھاشاڈیم کی تعمیر،پولیس نظام میں اصلاحات اور جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سمیت وزیراعظم عمران خان نے قوم کو اپنی حکومت کی ترجیحات کے بارے میں اعتماد میں لیا۔

ہمیں پہلی دفعہ ایسا لیڈر ملا جس نے ہمارے دل کی بات کی ہے۔ان خیالات کااظہار زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے افراد نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب کے بعد اے پی پی سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کرپشن کے خلاف جہاد ،سادہ طرز زندگی اپنانے ،وزیراعظم ہائوس کے اخراجات میں کمی سمیت جو بھی اعلانات کیے لوگوں کے دلوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

(جاری ہے)

ایک گھنٹے کے خطاب کے دوران وزیراعظم نے قوم کو اعتماد میں لیا۔رکن قومی اسمبلی ملک عامرڈوگر نے کہاکہ آج وزیراعظم نے اپنے خطاب میں جن ترجیحات کا اعلان کیا اور ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے کے لیے جن اقدامات کااعلان کیاوہ خوش آئند ہیں۔وزیراعظم ہائوس کو اعلی ترین یونیورسٹی میں تبدیل کرنے اور اس کے اخراجات میں کمی کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعظم نے قوم سے جو وعدے کیے تھے وہ انہیں پوراکریں گے۔

وزیراعظم کی تقریر سے مایوس قوم میں امید کی نئی لہر پیدا ہوئی۔رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ گورنر بھی اب گورنرہائوسزمیں نہیں رہیں گے۔ مدینے کی ریاست کو ماڈل بنا کر انہوں نے جس لائحہ عمل کا اعلان کیا ہے ہمیں یقین ہے کہ وہ اس میں ضرور کامیاب ہوںگے۔انہوں نے ٹیکس نیٹ کوبڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ون ونڈوآپریشن کا جو اعلان کیا وہ پاکستان کو معاشی خودکفالت کی راہ پر لے کر جائے گا۔

اوورسیز پاکستانی اپنا پیسہ پاکستانی بینکوں پر میں رکھوائیں اس سے انکا پاکستانی بینکوں پر اعتماد بڑھے گا۔پاکستان کو ایسے ہی جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ قومی اسمبلی کے رکن ابراہیم خان نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں ہم نئے پاکستان کی تعمیر کے لیے سرگرم ہیں۔آج قوم سے خطاب میں انہوں نے واضح کردیا ہے کہ اب یہاں میرٹ کی حکمرانی ہوگی اور لوٹا ہوا پیسہ واپس آئے گا۔

رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہاکہ یہ تاریخی لمحات ہیں۔آج وزیراعظم نے قوم سے خطاب کیا اور آج ہی سرائیکی وسیب کاسپوت پنجاب کا وزیراعلی منتخب ہوا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ اب نئے پاکستان کے خدوخال واضح ہوجائیں گے۔رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری نے کہاکہ وزیراعظم نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں عوام کے دل موہ لیے ہیں۔

قائداعظم محمد علی جناح کے بعد قوم کو پہلی بار کوئی ایسا لیڈر ملا ہے جو ان کے دکھوں کا مداوا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں بدلا ہوا ماحول دکھائی دے گا۔اشرافیہ کا دور ختم ہوا اور عوام کی حکمرانی شروع ہوگئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین کی رہنماء ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہاکہ پاکستان نے ترقی کی جانب سفر شروع کردیاہے۔

آج کے خطاب میں وزیراعظم نے جہاں عوام کے مسائل کا ذکر کیا وہاںعالمی برادری کو بھی واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو برابری کی بنیاد پر ہمسایوں کے ساتھ خوشگوارتعلقات رکھنا چاہتاہے۔انہوںنے مزید کہاکہ آنے والے دنوں میں وزیراعظم اوران کی ٹیم کی جانب سے انقلابی فیصلے سامنے آئیں گے۔نامور ماہرقانون وسیم ممتاز نے کہاکہ وزیراعظم نے پہلے 100دن کا جو ایکشن پلان انتخابات سے پہلے دیا تھا آج کی تقریر اسی کے خدوخال کو واضح کررہی تھی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے پولیس نظام میں اصلاحات کے لیے جو اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے وہ خوش آئندہے اس سے لوگوں کو جلد انصاف کی فراہمی یقینی ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات