حکومت کی جانب سے قادیانی عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل کا رکن نامزد کر نا نظریہ پاکستان کیخلاف اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے کے مترادف ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

جمعرات 6 ستمبر 2018 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2018ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ایک قادیانی مبلغ عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل کا رکن نامزد کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نظریہ پاکستان کیخلاف اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ قادیانی آئین پاکستان کی رو سے غیر مسلم ہیں، مفکر اسلام علامہ اقبال ؒ نے بھی قادیانیوں کو ملک واسلام دونوں کا غدار قرار دیا تھا ،قادیانی آئین پاکستان کو بھی نہیں مانتے کیونکہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 5تقاضا کرتا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری ریاست کا وفادار اور آئین وقوانون کا پابند ہو، عقیدہ ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالتؐ قانون کا دشمن اور آئین پاکستان سے انحراف کرنے والا فردکیسے مالیاتی کمیٹی کا ممبر اور ملک کا وفادار بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیراطلاعات کی جانب سے قادیانی مبلغ کی وکالت اور عاشقان رسولؐ کو انتہاپسند قرار دینا خود ایک کھلی دہشتگردی ہے، انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی جماعتیں رانا بھگوان داس، جسٹس اے آر کارملین، رانا چندر سنگھ، جسٹس دارب پٹیل راجہ پردی رائے جیسے افراد کی خدمات کی معترف رہی ہیںاور ابھی گذشتہ روز سندھ میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے حلف اٹھایا ہے اس پر کسی نے اعتراض نہیں کیا۔

اقلیتوں کو حقوق کے تحفظ کے معاملے میں مذہبی جماعتوں سے آگے کوئی بھی نہیں ہو سکتالیکن قادیانی آئین پاکستان کو تسلیم نہیں کرتے ،آئین پاکستان کا انکار کرنے والے پاکستان میں کس طرح کلیدی عہدے پر براجمان ہو سکتے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات آئین پاکستان کی تاریخ کا مطالعہ کریں قادیانی آئین پاکستان کے مطابق نہ تو اقلیتوں کی فہرست میں اپنا نام درج کرواتے اور نہ ہی اس آئین پاکستان کے تحت انتخابات میں حصہ لیتے ہیں۔

عاطف میاں قادیانی مبلغ مرزا مسرور کے مالیاتی مشیر ہیں اور ان کی مہارت صرف نجکاری کے دائرے میں ہے اس لئے وہ پاکستان کے معاشی مسائل کو حل کرنے کیلئے مطلوبہ صلاحیت سے محروم ہیں ۔پی ٹی آئی گورنمنٹ فوری طور پر عاطف میاںکی تقرری کو منسوخ کرے اور اپنے وزراء کو لگام دے کہ وہ حقائق کو توڑ نے مروڑنے کا سلسلہ جاری نہ رکھیں۔صوبائی امیر نے کہاکہ سلام اقلیتوں کی جان ومال کی حفاظت سمیت احترام انسانیت کا درس دیتا ہے مگر اسلام کی آڑ میں عقیدہ ختم نبوت ،تحفظ ناموس رسالت قانون سمیت ملک کی نظریاتی سرحدوں کیخلاف کوئی سازش برداشت نہیں کی جاسکتی۔#