Live Updates

وزیراعلی کے بغیر پروٹوکول ضلع کچہری راولپنڈی میں انتظامی و پولیس افسران کے دفاتر کے اچانک دورے

بعض انتظامی افسران و عملے کی غیر حاضری پر وزیراعلیٰ پنجاب سخت برہم، تادیبی کارروائی کا حکم سرکاری افسران اور ملازمین کی طرف سے فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘سردار عثمان بزدار یہ عوام کی حکومت ہے اور عوامی انداز میں کام کرے گی، وزیراعلیٰ، دفاتر میں موجود لوگوں کے مسائل سنے، حل کیلئے احکامات جاری کئے‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 10 ستمبر 2018 17:55

وزیراعلی کے بغیر پروٹوکول ضلع کچہری راولپنڈی میں انتظامی و پولیس افسران ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری افسران کو خبردار کیاہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں ، قدریں بدل چکی ہیں ، سرکاری افسران اور ملازمین بھی اپنی روش بدلیں -سرکاری ملازمین خود کو عوام کا خادم سمجھ کر خدمات انجام دیں - دفاتر میں ملاقات کیلئے’’پرچی سسٹم‘‘ کا فوری طور پرخاتمہ کیا جائی- افسران دفاتر کے باہر ملاقات کے اوقات نمایاں طور پر آویزاں کریں-دفاتر میں اپنی حاضری ہر حال میںیقینی بنائیں مقررہ اوقات کار کی پابندی کریں اور شہریوں کیلئے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں-وزیراعلیٰ نے سرکاری افسران اور ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی صورت غیر ضروری تاخیر، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی- یہ ہدایات وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پیر کی صبح بغیر پیشگی اطلاع، بغیرسکیورٹی اور بغیر پروٹوکول ضلع کچہری راولپنڈی میں انتظامیہ اور پولیس افسران کے دفاتر کے اچانک دورے کے موقع پر جاری کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کے اچانک دورہ کے موقع پر ڈ پٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر ، اے ڈی سی آرمیاں بہزاد عادل، اے سی سٹی نعیم افضل، اے سی صدر عمر افتخار شیرازی، رجسٹری رجسٹرار اور سپرنٹنڈنٹ سمیت متعدد انتظامی افسران و عملے کو اپنے دفاتر میں موجود نہ پا کر وزیراعلیٰ پنجاب سخت برہم ہوئے اور کہا کہ سرکاری افسران اور ملازمین کی طرف سے فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پرضلع کچہری کمپلیکس میں ڈیوٹی پر موجود واحد خاتون آفیسر اے ڈی سی جی راولپنڈی ملیحہ جمال نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی- وزیر اعلیٰ پنجاب کے استفسار پر انہیں بتایا گیا کہ افسران انسداد ڈینگی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے اپنے دفاتر سے باہر ہیں-وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو اپنے درمیان پا کرشہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا- اس موقع پر شہریوں نے وزیر اعلی کے ساتھ سیلفیاں بنائیںاور کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد صحیح معنوں میں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلی کسی پروٹوکول کے بغیر سرکاری دفاتر کے دورے کر رہے ہیں- ایک اوور سیز پاکستانی راجہ امجد اقبال نے وزیراعلی پنجاب کو گلہ کیا کہ وہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ گزشتہ ایک سال سے مختلف محکموں اور دفاتر کے دھکے کھا رہے ہیں اور اکثر افسران اپنی سیٹوں پر موجود نہیں ہوتے جس کی وجہ سے وہ دلبرداشتہ ہیں- اس پر وزیر اعلی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو مذکورہ شہری کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی- راجہ امجد اقبال نے اس موقع پر خوش ہو کر اپنی طرف سے وزیر اعظم پاکستان کے ڈیمز فنڈ میں پانچ ہزار ڈالرز جمع کرانے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کے مسئلے کے حل کیلئے ایک گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی- شہریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا سرکاری دفاتر کا دورہ حکومت کی عوام سے کی گئی کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ․ انہو ںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے برسر اقتدار آنے سے واقعتا خوشگوار تبدیلی آ گئی ہی- انہو ںنے وزیراعلیٰ کو اپیل کی کی وہ افسران کو اپنے دفاتر میں حاضر رہنے کا پابند بنائیں تاکہ ان کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت شہریوں کے مسائل کے بلاتخصیص اور بلاتاخیر جلد از جلد حل کیلئے بھرپور وسائل اور توانائی بروئے کار لا رہی ہے اور شہری بہت جلد تبدیلی دیکھیں گی-وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر ا ٓفس اور سی پی او آفس کا دورہ بھی کیا۔ سی پی او بھی اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے - وزیراعلیٰ نے کمشنر آفس میں محرم الحرام میں امن امان کے قیام کیلئے امن کمیٹی کے اجلاس میں آئے ہوئے ڈویژن کے انتظامیہ و پولیس افسران اور مختلف مکاتب فکر کے علماء سے بھی ملاقات کی- وزیراعلیٰ نے انتظامیہ وپولیس افسران کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کے تقاضے اپنی جگہ لیکن افسران عوام کی رسائی کیلئے اپنے دروازوں سے غیر ضروری بیریئرز ہٹا دیں۔

انہوں نے کہا کہ افسران منتخب عوامی نمائندوں سے ملاقات کر کے قانون و ضوابط کے مطابق عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ عام شہری حکومت کی طرف سے جاری فلاحی اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی اپنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور سائلین کے افسروں سے ملنے کیلئے پرچی سسٹم ختم کر دیا گیا ہے۔

یہ عوام کی حکومت ہے اور عوامی انداز میں کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افسران دفاتر میں لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے اوپن ڈور پالیسی اپنائیں۔میں عوام کے مسائل خود جانتا ہوں۔ جو افسر اور عملہ مقررہ وقت پر دفتر نہیں آئے گا، اسے تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کمشنرآفس ،ڈپٹی کمشنر آفس اور سی پی او آفس کے اچانک دورے کے دوران افسروں اور عملے کی حاضری کو چیک کیا ۔ وزیراعلیٰ نے افسروں اور عملے کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہارکیااورہدایت کی کہ غیر حاضر افسروں اور عملے کی جواب طلبی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے دفاتر میں موجود لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئی-
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات