بیگم کلثوم نواز کے جنازے کے بعد سیاسی نعرے بازی

بیگم کلثوم نواز کا نماز جنازہ تمام ہوتے ہی،کارکنان نے زبردست نعرے بازی کردی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 14 ستمبر 2018 19:50

بیگم کلثوم نواز کے جنازے کے بعد سیاسی نعرے بازی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14ستمبر 2018ء) کارکنان میں غم و غصہ ،دکھ کی اس گھڑی میں بھی مسلم لیگ ن کے کارکنان سیاسی نعرے بازی میں لگ گئے۔ بیگم کلثوم نواز کا نماز جنازہ تمام ہوتے ہی،کارکنان نے زبردست نعرے بازی شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس کے بعد جاتی امرا میں انکو، انکے سسر میاں شریف کے پہلو میں دفن کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے خبر یہ ہے کہ غم کی اس گھڑی میں بھی مسلم لیگ ن کے کارکنان اپنے غصے پر قابو نہ پا سکے اور انہوں نے سیاسی نعرے بازی کرکے اپنے غم وغصے کا اظہار کیا۔بیگم کلثوم نواز کا جنازہ مولانا طارق جمیل نے پڑھایا۔جیسے ہی نماز جنازہ کا سلام پھیرا گیا۔کارکنان نے زبردست نعرے بازی شروع کر دی۔کارکنان کی جانب سے جو نمایاں نعرے لگائے گئے ان میں شرم کرو حیا کرو،نواز شریف کو رہا کرو اور ڈرتے ہیں بندوقوں والے ایک نہتی لڑکی سے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی رائیونڈ جاتی امراء میں نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے۔ اس موقع پرن لیگ کارکنان پرسوگ کا عالم طاری تھا۔ بعض مواقع پررقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ نماز جنازہ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، شہبازشریف، دیگر اہلخانہ، ن لیگی سینئر رہنماء، پیپلزپارٹی سے خورشید شاہ، راجا پرویز اشرف، علی موسیٰ گیلانی اور تحریک انصاف کے گورنر پنجاب چوہدری سرور و دیگر رہنماء، اے این پی سے غلام بلور کی قیادت میں وفود سمیت ن لیگ کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔

نماز جنازہ سے قبل خواتین کارکنان کو کلثوم نواز کا دیدار کروایا گیا۔ نماز جنازہ کے بعد مولانا طارق جمیل نے مرحومہ کلثوم نوازکے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت بھی کروائی۔ تاہم نماز جنازہ میں کلثوم نواز کے بیٹوں نے شرکت نہیں کی۔ انہوں نے لندن میں ہی کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اپنی والدہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔