آرمی چیف اورچینی کمانڈرکی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال

ملاقات میں سی پیک کے امور پربھی تبادلہ خیال،چینی جنرل ویگیو کا دفاعی تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار، اورسی پیک کی سکیورٹی پراظہاراطمینان کیا،دونوں ممالک کا باہمی فوجی تعاون پرمثالی ہے، افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 ستمبر 2018 20:30

آرمی چیف اورچینی کمانڈرکی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال
راولپنڈی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17ستمبر 2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی فوج کے سربراہ جنرل ہان ویگیو کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں سکیورٹی صورتحال اور سی پیک کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے آج پیپلزلبریشن آرمی کے ہیڈکوارٹر زکا دورہ کیا۔

جہاں پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی فوج کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات کی۔ چینی فوج کے سربراہ نے پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کی تعریف کی۔چینی فوج کے سربراہ نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کومزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔پیپلزلبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ویگیو نے کہا کہ سی پیک کیلئے پاک فوج کی سکیورٹی کا معیار قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

انسداد دہشتگردی کیلئے پاک فوج کے تجربے سے استفادے کے خواہاں ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مثالی باہمی فوجی تعاون پراظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کی درخشندہ تاریخ ہے۔دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کل وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کریں گے۔

واضح رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز3 روزہ دورے پر چین گئے۔ آرمی چیف کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ دورے کے دوران چینی ہم منصب سمیت دیگر چینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ دریں اثناں گیارہ ستمبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلام آباد میں متعین چینی سفیر نے ملاقات بھی کی تھی۔

جس میں دونوں رہنمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، سیکورٹی کی صورتحال اور پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے معاشی مستقبل کی ضمانت ہے سی پیک کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔ چینی سفر نے چینی وزیر خارجہ کے کامیاب دورہ پاکستان اور سی پیک پر پاکستان کی حمایت کو سراہا۔