ضلعی پولیس ایبٹ آباد کی طرف سے ساتویں محرم الحرام کے جلوس کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے

محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، تمام امور کی باریک بینی سے نگرانی کی جائے گی۔ ڈی پی او

بدھ 19 ستمبر 2018 02:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ضلع ایبٹ آباد میں پہلی دفعہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا۔ جلوس کے تمام راستوں کی نگرانی ذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں کے عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر ضلع پولیس کی طرف سے ڈرون کیمرہ اور نائٹ ویژن کے ذریعہ جلوس کی مکمل مانیٹرنگ کی گئی۔

جلوس کی گذرگاہوں کی بم ڈسپوزل سکواڈ اور کینائن یونٹ کے سپیشل تربیت یافتہ ڈاگز کے ذریعہ سرچنگ اور سویپنگ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ عباس مجیدخان مروت نے ساتویں محرم الحرام کے جلوس کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ضلع میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جس کے ذریعہ تمام امور کی نگرانی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمرہ جات عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ محمد عالم خان شینواری، ڈی سی ایبٹ آباد فیاض شاہ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر انتظامی افسران نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا وزٹ کیا اور تمام انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے سیکورٹی انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔ جلوس کے دوران ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد سونیا شمعروز نے بطور آفیسر انچارج جبکہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن عبدالعزیز خان آفریدی نے بطور آفیسر انچارج روٹ ڈپلائیمنٹ اور ملک اعجاز ایس ایس پی ایلیٹ فورس ہزارہ رینج نے روف ٹاپ سیکورٹی اور سنائیپرز کی نگرانی کی۔

اس دوران 500 دیگر پولیس افسران اور جوانوں نے ڈیوٹی میں حصہ لیا جن میں ضلع پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، ریپڈ ریسپانس فورس، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، بم ڈسپوزل یونٹ، کینائن یونٹ، ڈسٹرکٹ سیکورٹی برانچ کے علاوہ لیڈیز کمانڈوز شامل تھیں۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے بتایا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام 2018ء کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور سیکورٹی حالات کے پیش نظر تمام امور کی باریک بینی سے نگرانی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ محرم الحرام کی شب کاکول اور تھانہ لورہ کی حدود کے جلوسوں کے سیکورٹی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کی بحالی کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔