بیرون ملک مقیم 2700 پاکستانیوں کی جائیداد کا سراغ لگا لیا گیا

550 افراد دبئی میں بڑی جائیدادوں کے مالک ہیں ،گورنر اسٹیٹ بینک کا انکشاف

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 19 ستمبر 2018 11:20

بیرون ملک مقیم 2700 پاکستانیوں کی جائیداد کا سراغ لگا لیا گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-18ستمبر 2018ء) :ایف آئی اے نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگا لیا۔دوسری جانب گورنر اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیاہے کہ 550 افراد دبئی میں بڑی جائیدادوں کے مالک ہیں۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب ںثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اثاثہ جات کے حوالے سے از خود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے انکشاف کیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار کا اٹارنی جنرل سے کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم 15 سے 20 بڑے اثاثے رکھنے والوں سے پوچھ گچھ کر کے رپورٹ دیں۔اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیاہے کہ 550 افراد دبئی میں بڑی جائیدادوں کے مالک ہیں۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل انور منصور خان نے بیرون ملک اثاثوں کی واپسی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ ہو گیا ہے۔اس پر چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ میرےاندازے کے مطابق پاکستانیوں کی ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی جائیدادیں دبئی میں ہیں، جو 550 لوگ ہیں ان میں سے 15، 20 لوگوں کو عدالت بلالیتے ہیں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ زبردستی کسی کے ساتھ نہیں کریں گے، آرٹیکل 4 کے پابند ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا 'تمام لوگوں کے ساتھ ملکی قوانین کے تحت سلوک کیا جائے گا، ہمارے حکم سے کوئی خوف پھیلنے کا خدشہ ہے تو حکومت خود کارروائی کرے، ہم تو رضاکارانہ یہ کام کررہے ہیں۔