Live Updates

(ن) لیگ کا نواز ، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزا کی معطلی کے عدالتی فیصلے کی خوشی میں بھرپور جشن

ملک بھر میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ،رہنمائوں اور کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے ،وزیر اعظم نواز شریف ، بائو جی آئی لو یو کے نعرے رہنما اور کارکن ایکدوسرے کو گلے لگ کر مبارکباد دیتے رہے، رہنمائوںنے ٹیلیفون کر کے بھی مبارکباد دی ،خواتین کارکنان آبدیدہ ہو گئیں

بدھ 19 ستمبر 2018 19:35

(ن) لیگ کا نواز ، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزا کی معطلی کے ..
لاہور/راولپنڈی/پشاور/کوئٹہ/کراچی /سیالکوٹ/گوجرانوالہ/فیصل آباد( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سنائی گئی سزا کی معطلی کے فیصلے کی خوشی میں بھرپور جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں،رہنمائوں اور کارکنوں نے خوشی میں شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے ،کارکن پرجوش انداز میں وزیر اعظم نواز شریف ، بائو جی آئی لو یواور شہباز شریف اور مریم نواز کے حق میں بھی نعرے لگاتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا معطلی کا فیصلہ آتے ہی مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد وزیر اعظم نواز شریف کے نعرے لگاتے ہوئے باہر نکل آئے اور خوب جشن منایا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلے لگ کر مبارکبادیں دیں اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔

پارٹی رہنمائوں کی جانب سے ایک دوسرے کو ٹیلیفون کر کے مبارکباد دی گئی اور اسے حق اور سچ کی فتح قرار دیا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آتے ہی کارکنوں کی ایک بڑی تعدادماڈل ٹائون میں واقع پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے اور نواز شریف ،شہباز شریف ،مریم نواز اورحمزہ شہباز کے حق میں نعرے لگائے جبکہ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔

کارکنوں نے پریس کلب کے باہر بھی جشن منایا اور قیادت کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی ۔ کارکنوں نے نواز شریف ،شہباز شریف اور مریم نواز کی تصاویر والے پوسٹر ز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر بائو جی آئی لو ، وزیر اعظم نواز شریف ،حمزہ حمزہ کے نعرے بھی لگائے جاتے رہے۔کارکنوں نے خوشی میں راہگیروں کو بھی مٹھائی کھلائی ۔ مسلم لیگ (ن) لاہور کی مشاورتی کونسل کے ممبر میاں عثمان کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے محمد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا معطلی کے فیصلے کی خوشی میں جشن منایا اور قیادت کے حق میں نعرے بازی کی۔

میاں عثمان کی جانب سے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر فیصلے کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر میاں عثمان نے کہا کہ نیب کا انتقام پر مبنی فیصلہ معطل ہوا ہے اور انصاف کی فتح ہوئی ہے ، آج اللہ تعالی نے (ن) لیگ کے کارکنان اور عوام کی دعائیں قبول کی ہیں، عدالتی فیصلے پر اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ مقدمات بے بنیاد ہیں ، نواز شریف کو انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے سیاسی کیس بنائے گئے۔نوازشریف تمام کیسز میں سرخروں ہوں گے اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔اس موقع پر کارکنوں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ماڈل ٹائون ،سمن آباد ، فیصل ٹائون، گڑھی شاہو، شاہ عالم مارکیٹ، انار کلی ، راوی روڈ ، رائے ونڈ ، اندرون شہر ، کاپرس سٹور، سنت نگر ، ساندہ، لکشمی چوک ، بادامی باغ، شاد باغ، مصری شاہ، قلعہ گجر سنگھ، مسلم ٹائون ، گوالمنڈی ، موہنی روڈ، اسلام پورہ،راج گڑھ،ریواز گارڈن ، گلشن راوی ، باغبانپورہ سمیت مختلف مقامات پر بھی لیگی رہنمائوں اور کارکنوںکی جانب سے جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف سمیت دیگر قیادت کے حق میں بھی نعرے لگائے گئے ۔ جی او آر میں خواجہ احمد حسان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خوشی میں جشن منایا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔لاہور کے علاوہ راولپنڈی ،فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، شرقپور شریف، شیخوپورہ، مریدکے ، منچن آباد،نارروال، نارنگ منڈی میں بھی رہنمائوں اورکارکنوںنے جشن منایا اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں ۔

پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں کے مختلف مقامات پر بھی (ن) لیگ کے کارکن عدالتی فیصلے کی خوشی میں سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور جشن مناتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگائے گئے اورمٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔جشن منانے کے دوران پارٹی کی خواتین کارکنان بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر آبدیدہ بھی ہو گئیں ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات