بھارت کسی بھول میں نہ رہے، میاں شہبازشریف

پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے، بدلہ لینے والے جان لیں ہرپاکستانی فوج کا سپاہی ہے،بھارتی جارحیت کے جواب میں قوم کا اتحاد پوری دنیا دیکھے گی۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کا بھارتی آرمی چیف کے غیرذمہ درانہ بیان پرردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:49

بھارت کسی بھول میں نہ رہے، میاں شہبازشریف
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22ستمبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدراور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کسی بھول میں نہ رہے،پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے، بھارتی جارحیت کے جواب میں قوم کا اتحاد پوری دنیا دیکھے گی، پوری قوم اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے بھارتی آرمی چیف کے انتہائی غیرذمہ درانہ بیان پراپنے بھرپور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے۔

بھارت کسی بھول میں نہ رہے۔ بھارتی جارحیت کے جواب میں قوم کا اتحاد پوری دنیا دیکھے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت مسلط کی گئی تو پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔  ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے فوج اور عوام ایک ہیں۔ پاکستان کوسبق سکھانے والے کسی خوش فہمی میں نہ رہیں۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے کہا کہ بھارت کواندرونی عوامی مسائل کا سامنا ہے۔

بھارت اپنی پریشانی ہم پرمسلط کرنے کی کوشش نہ کرے۔ بھارت نے اندروانی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیرذمہ داری خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ بدلہ لینے والے جان لیں ہرپاکستانی فوج کا سپاہی ہے۔ دوسری جانب بھارتی آرمی چیف کے بیان پرترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفور سمیت حکومتی شخصیات اورسیاسی جماعتوں نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف بیان پربھرپور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کودہشتگردی کا شکار بنایا گیا۔ لیکن پاکستان کامیابی کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن قائم کیا ہے۔ بھارتی فوج کوچاہیے کہ بھارت کے اندرونی معاملات کوہمارے کندھوں پررکھ نہ چلائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ایک سیاسی جدوجہد کا سامنا ہے۔ کشمیر میں آزادی کی تحریکوں کووہ دبا نہیں پا رہے۔ بھارتی حکومت کوکرپشن چارجزکا بھی سامنا ہے۔ بھارتی فوج اپنی ملکی سیاست میں گھری ہوئی ہے۔ ان تمام چیزوں کارخ موڑنے کیلئے یہ سب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستانی وزیراعظم نے بھی مذاکرات کی پیشکش کی لیکن انہوں نے پہلے قبول کیا پھر انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ مذاکرات سے بھاگا۔ انہوں نے بی ایس ایف اہلکاروں کی ہلاکت اور برہان وانی کے ڈاک ٹکٹ کے اجراء کے حوالے سے کہا کہ بھارتی حکومت ٹکٹوں کا بہانہ بنا رہی ہے۔ ٹکٹ نگراں حکومت نے جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی سپاہی کی بے حرمتی نہیں کرسکتے چاہے وہ سپاہی کسی دشمن ملک کا ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارتی آرمی چیف نے بیان دیا۔

بھارتی آرمی چیف کا بیان نامناسب اور غیرذمہ درانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جودنیا کوامن کی طرف لیکرجانا چاہتا ہے۔ پاک فوج پروفیشنل فوج ہے۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور ہم جنگ کیلئے تیار ہیں لیکن ہم دنیا کوامن کی طرف لے کرجانا چاہتے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اگرمس ایڈونچر ہوگا توپاکستان جواب کیلئے تیار ہے۔ اگرصبر کا امتحان لیا گیا تو قوم کومایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو امن کو خراب نہیں کرنا چاہیے۔ انڈین آرمی چیف کوبھی سمجھنا چاہیے کہ ہمیں امن کی طرف چلنا چاہیے، امن کوخراب نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن کسی کی امن کی خواہش کوکمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کودہشتگردی کا شکار بنایا گیا۔ پاکستان نے کامیابی کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے۔پاکستان امن پسند ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلے بھی سرجیکل اسٹرائیک کا ڈھونگ رچایا تھا۔ بھارتی فوج کوسرجیکل اسٹرائیک کا جواب اپنی پارلیمنٹ کودینا چاہیے وہ اپنی اسمبلی کوبھی جواب نہیں دے پارہے۔انہوں نے کہا کہ خبردار کرتے ہیں کہ بھارت داخلی دباؤ میں آکر کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس کا ان کوخود نقصان اٹھانا پڑے۔