پیپلز پارٹی بچاؤ تحریک،رہنماوں نے صوبائی قیادت کے ناروا رویئے اور پارٹی کارکنون کو نظرانداز کرنے کیخلاف(آج) کوئٹہ سے بلاول ہاؤس کراچی تک لانگ مارچ کا اعلان کردیا

اتوار 23 ستمبر 2018 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بچاؤ تحریک بلوچستان کے رہنماوں نے صوبائی قیادت کے ناروا رویئے اور پارٹی کارکنون کو نظرانداز کرنے کے خلاف 24ستمبر کو کوئٹہ سے بلاول ہاؤس کراچی تک لانگ مارچ اور پارٹی چیئرمین سے ملاقات کرکے صورتحال سے آگاہ کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ بات پیپلز پارٹی بلوچستان بچاو تحریک کے سربراہ رفیق سجاد زہری ،عبداللہ موسیٰ زئی منور لانگو ،سلمان خان کھوسہ اور دیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج ملک میں جمہوریت کا ور درہ ہے تو وہ شہید ذؤالفقارعلی بھٹو ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی قربانیوں اورپارٹی قیادت کی مرہون منت ہے جبکہ ماضی سے لیکر آج تک براہ راست یا بالواسطہ طور پر جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی متعدد کوششیں کی گئیں جو آج بھی ہورہی ہیں جس کا واضح ثبوت 2018ء کے غیر منصفانہ اور متنازع الیکشن ہیں لیکن ایسے منفی ہتھکنڈوں کو پارٹی کی موجودہ قیادت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تاریخ رقم ہوئی کہ مسلسل تیسری مرتبہ جمہوری طریقہ کے مطابق انتقال اقتدار کا مرحلہ طے ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معروضی حالات اورزمینی حقائق کا صحیح ادراک نہ کرنے پارٹی کی صوبائی قیادت کی غیر منصفانہ سوچ و عمل نے پارٹی کو صوبے میںغیر فعال کیا بلکہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سے کوئی نشست حاصل نہیں کرسکی ۔انہوں نے کہا کہ کارکن جو پارٹی کی فعالت اور کامیابیوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں انکا جائز مقام دینے کی بجائے انہیں خوفزدہ اور ہراسا کیا جارہا ہے اورانکی پارٹی رکنیت ختم کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان میں عملاً تین افراد کا ٹولہ بن کر رہ گئی ہے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بچاؤ تحریک کے کارکن 24ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب سے صبح 10بجے قافلے کی صورت میں کراچی کیلئے روانہ ہونگے اور 25جولائی کو بلاول ہاؤس کراچی پہنچیں گے جہاں پارٹی کے قائدین سے ملاقات کرکے انہیں بلوچستان میں پارٹی کی غیر فعالیت اور کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور صوبائی قیادت کی نا اہلی سے آگاہ کیا جائے گا۔