Live Updates

صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور کا اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ کا دورہ

وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں حقیقی تبدیلی کی ضامن ہے‘ صوبائی وزیر مال ملک محمد انور

پیر 24 ستمبر 2018 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور صوبہ بھر کے اراضی ریکارڈ سینٹرز کے حالت زار کو جنگی بنیادوں پر بہتر کرنے کے لئے دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج اٹک پہنچے جدھر انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود عوام سے مسائل سنے۔اراضی ریکارڈ سنٹر میں موجود عوام نے صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور کے سامنے اراضی ریکارڈ سنٹر کے پیشہ وارانہ امور کے بارے میں شکایات کے انبار لگادئیے ، صوبائی وزیر نے عوامی شکایات کو تحمل سے سنا۔

انہوںنے اس موقع پر موجود عوام کو یقین دہانی کروائی کہ تما م جائز شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سنٹرفتح جنگ اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے ڈائریکٹر جنرل لینڈ ریکارڈ پنجاب کو بھی ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے پیش نظر اراضی ریکارڈ سنٹر فتح جنگ میں سٹاف کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جائے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جاسکیں۔

بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور اس سلسلے میں موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں کرپشن کے خلاف جہاد کر رہی ہے اور اس جہاد میں عوام بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک میں حقیقی تبدیلی کی ضامن ہے ،جو اس ملک میں آرہی ہے اور یہ تبدیلی پاکستان کے روشن مستقبل کی امید ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل لینڈ ریکارڈپنجاب اسلم رائو ، اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ فیضان احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سنٹر فتح جنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات