عوام کی جان ومال کے دشمن پیشہ ور مجرمان اور دہشت گرد عناصر کے خلاف

زیروٹالریننس پالیسی کے تحت کریک ڈائون جاری ہے‘محمد طاہر سمارٹ اینڈکمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے پیش نظر فورس کے تربیتی نصاب کواپ گریڈکردیاگیاہے ، عوامی سہولت کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میںپولیس خدمت مراکز کا قیام عمل میں لایاگیاہے ‘آئی جی پنجاب

پیر 24 ستمبر 2018 23:01

عوام کی جان ومال کے دشمن پیشہ ور مجرمان اور دہشت گرد عناصر کے خلاف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس محمد طاہر نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدیدپراجیکٹس اور بروقت اصلاحات نے پنجاب پولیس کے ورکنگ نظام کو عصر حاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ کردیاہے جبکہ عوام کی جان ومال کے دشمن پیشہ ور مجرمان اور دہشت گرد عناصر کے خلاف زیروٹالریننس پالیسی کے تحت کریک ڈائون جاری ہے،سپیشلائزڈ فورسزجیساکہ سی ٹی ڈی ، ایس پی یو ، ڈولفن ، پیرو ، ایس او یو اور اینٹی رائٹ فورس کی تشکیل سے معاشرے میں قانون کی بالا دستی، دہشت گردی اورجرائم کے خاتمے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اورسائلین کی شکایات کے ازالے ، مقدمات کے بروقت اندراج سمیت تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے تھانوںمیں فرنٹ ڈیسک کے قیام کے مثبت نتائج آرہے ہیں،سمارٹ اینڈکمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے پیش نظر فورس کے تربیتی نصاب کواپ گریڈکردیاگیاہے جبکہ عوامی سہولت کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میںپولیس خدمت مراکز کا قیام عمل میں لایاگیاہے جہاںپولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ ، کرایہ داری رجسٹریشن ، سمیت ایک درجن سے زائدسہولیات ایک ہی چھت تلے میسرہورہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں 109ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے 59رکنی وفد میں شامل سینئر افسران کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمدطاہر،ڈی آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ ، ڈی آئی جی ٹریننگ مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر شہزادہ سلطان ، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈفنانس طارق عباس قریشی ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن وقاص نذیر ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ بابر بخت قریشی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سجاد حسن منج نے وفد کے شرکا کو پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کار اور آئی ٹی ریفارمز کے ساتھ ساتھ لا ء اینڈ آرڈر ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقداما ت پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے شرکا ء کو نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کاروائیوں ، بین الصوبائی چیک پوسٹوں ، سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، پی ایچ پی ، ریورائن فورس اور اینٹی رائٹس فورس کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ پنجاب پولیس کی بہترین حکمت عملی اور بروقت کاروائیوں کی بدولت صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی ، اغوا ء برائے تاوان ، قتل اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے شروع کئے گئے سیف سٹی پراجیکٹ ، فرنٹ ڈیسک ، پولیس خدمت مراکز ، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور 8787کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ویلفیئر آئی سمیت دیگر پراجیکٹس سے جہاں پولیس کی کارکردگی میں نمایاںبہتری آئی ہے وہیں دیگر صوبوں کی پولیس فورسز نے بھی پنجاب پولیس سے ان جدید سافٹ وئیرز کواپنے سسٹم کا حصہ بنا یاہے ۔

اس موقع پر شرکا ء نے ٹریفک مینجمنٹ ، بچوں پر جنسی تشدد، انویسٹی گیشن طریقہ کار اور کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کے متعلق سوالات پوچھے جن کے جوابات دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے انہیں بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل در آمد جاری ہے ، لائو ڈ اسپیکر ایکٹ اورغیرقانونی فنڈ ریزنگ پر پابندی پر عمل در آمد کو سختی سے یقینی بنایا جارہا ہے اورجرائم پیشہ گروہوں کے خلاف دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ انٹیلی جنس شئیرنگ سے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری ہیں ۔

بریفنگ کے بعد وفد کے شرکا کو سی پی او کے مختلف پراجیکٹس مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم اور8787آئی جی پی کمپلینٹ سروس کے حوالے سے تفصیل سے بریف بھی کیا گیا ،آخر میں آئی جی پنجاب نے وفد کے سربراہ کو پنجاب پولیس کی جانب سے روایتی سووینئیر پیش کیا۔