آزاد کشمیر احتساب بیورو نے ستمبر2018کے دوران180مقدمات کو بعد از انکوائری و تفتیش نمٹا دیا

بدھ 3 اکتوبر 2018 18:03

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2018ء) ترجمان آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو نے ستمبر2018کے دوران180مقدمات کو بعد از انکوائری و تفتیش نمٹا دیا ۔ احتساب بیورو میں ماہ ستمبر تک سابقہ زیر کار مقدمات کی تعداد898تھی جبکہ ستمبر کے دوران108شکایات وصول ہوئیں اس طرح مجموعی طور پر 1006تعداد ہو گئی ۔

ان مقدمات میں سے 404مقدمات شعبہ شکایات جبکہ494مقدمات تفتیش کیلئے شعبہ انوسٹی گیشن میں زیرکار رہے ہیں ۔ اس طرح180مقدمات یکسو ہونے کے بعد اس وقت احتساب بیورو میں زیرکار مقدمات کی تعداد826ہے ۔ یکسو ہونے والے 162مقدمات پر اکثر شاکیان کی دادرسی ہونا پائی گئی ہے ۔ نیز ماہ ستمبرکے دوران 1ریفرنس بھی احتساب کورٹ مظفرآباد میں دائر کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

رواں سال میں اس وقت تک احتساب بیورو کی جانب سے مختلف زیر کار مقدمات میں لاکھوں روپے کی ریکوری عمل میں لائی گئی ۔ زیر کار مقدمات کی جلد از جلد ڈسپوزل کیلئے چیئرمین نے ہفتہ وار بنیادوں پر کام کی پراگرس طلب کرتے ہوئے سخت ہدایات جاری کی ہیں ۔ علاوہ ازیں احتساب بیورو اربوں کے جاریہ منصوبہ جات کی بھی مانیٹرنگ کررہا ہے اور احتساب بیورو کا ٹیکنیکل اور لیگل سٹاف ہمہ وقت چیئرمین کی ہدایات کے مطابق روزانہ کی بنیادوں پر پراگرس رپورٹ پیش کرتا ہے جس سے کام کی رفتار میں بہتری اور شفافیت کا مثبت عمل سامنے آئے گا اور مستقبل میں کرپشن اور بدعنوانی میں کمی واقع ہوگی۔

متعلقہ عنوان :