ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا ۔۔۔آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا ‘ فیاض الحسن چوہان

خادم اعلیٰ اور انکے حواریوں نے حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ کے مصدق خزانے کو لوٹا

جمعہ 5 اکتوبر 2018 18:42

ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا ۔۔۔آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا ‘ فیاض الحسن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ابھی تو ماڈل ٹائون کے چودہ قتل ، 56کمپنیوں ، میٹرو، اورنج لائن ٹرین اور پاور سیکٹر میں کھربوں روپے کی کرپشن بھی سامنے آئے گی اور پی ٹی آئی کی حکومت ٹیڈی ٹیڈی کا حساب لے گی ۔ شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے دیگر بڑوں کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا ۔

۔ آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ اور ان کے حواریوں نے حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ کے مصداق پنجاب کے خزانے کو لوٹا ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ گرفتار ہیں ان میں سے کوئی بھی وعدہ معاف گواہ بن سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

صاف پانی کمپنی کے اجلاسوں کے میٹنگ منٹس موجود ہیں جس میں شہباز شریف نے کہا کہ میری اجازت کے بغیر کوئی تقرری اور تعیناتی نہیں ہو گی بلکہ جو لوگ غلط اقدامات کی نشاندہی کرتے تھے انہیں نکال باہر کیا جاتا تھا۔

انہوںنے کہا کہ صاف پانی کمپنی میں بھی 300ارب روپے لوٹے گئے لیکن عوام کو ایک گھونٹ صاف پانی میسر نہیں آیا ۔ شہباز شریف نے صاف پانی کمپنی میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے کرپٹ ترین شخص احد چیمہ کو کمیٹی کی سربراہی اور انہوںنے بھی بتایا کہ 7ارب روپے کی کرپشن ہو چکی ہے ۔اس منصوبے میں احسن اقبال کے بھائی ، زعیم قادری کے بھائی ، احسن اقبال کے پی ایس او کی اہلیہ کو نوازا گیا ۔ بیرون ملک سے ایک ایسے شخص کو کنسلٹنٹ کے طور پر کروڑوں روپے دئیے گئے جو کبھی اپنی زندگی میں کالج اور یونیورسٹی گیا ہی نہیں ۔