Live Updates

نوشہرہ ‘ نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کیلئے سارے قانونی تقاضے پورے کیے، پرویزخٹک

نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے‘ اس پر کسی کا اثر و روسوخ نہیں ہے،وفاقی وزیر دفاع کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 22:40

نوشہرہ ‘ نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کیلئے سارے قانونی ..
نوشہرہ۔06 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیردفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف شہبا زشریف کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی سروکار نہیں‘ حکومت کے خلاف ایک غلط اورمنفی پروپیگنڈ چلایاجارہا ہے‘ نوازشریف اور شہباز کے خلاف ان کی اپنی حکومت میں مقدمات قائم ہوئے ہیں‘نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کے لیے سارے قانونی تقاضے پورے کیے‘نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے‘ اس پر کسی کا اثر و روسوخ نہیں ہے‘ وزیر اعظم عمران خان کی اب تک نیب چئیرمین سے صرف ایک ہی ملاقات ہوئی ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے انہیں اپنی حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایااور انہیں نیب کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی پیش کش کی ہے ‘ وزیر اعظم فوج سمیت تمام اداروں کی مضبوطی کے لئے کوشاں ہیں‘سو دن کے پلان کے خلاف غلط اورمنفی پروپیگنڈہ کرنے والو ںکو پتہ ہیں نہیں کہ یہ پلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ حکیم آباد اور خٹک باغ اکوڑہ خٹک میں شمولیت جلسوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ پرویز خان خٹک نے نئے شامل ہونے والوں کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں اوران کاپارٹی میں خیر مقدم کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ نیب نے باقاعدہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے اطلاع دی ۔ سپیکر اسد قیصر سے جب میں نے پوچھا تو انھوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ نیب نے مجھے شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے اطلاع دی ۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتار ی سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں جو لوگ حکومت پر اس حوالے سے الزام لگارہے ہیں وہ غلط من گھڑت ہیں‘ اگروہ بے گناہ ہو گا تو وہ بات بھی سامنے آجائے گی‘ وزیر اعظم عمران خان فوج سمیت ہر ادارے کے سربراہ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں اورتمام اداروں کے سربراہان کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت ان کی بھر پور مدد کرے گی‘ جس نے بھی کرپشن کی ہو گی اس کے خلاف بلا جھجک کارروائی کی جائے گی‘ وزیر اعظم عمران خان اداروں کو طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ100 دن کے پلان کے خلاف غلط اورمنفی پروپیگنڈہ کرنے والو ںکو پتہ ہیں نہیں کہ یہ پلان کیا ہے سودن کا پلان یہ ہے کہ عمران خان تمام محکموں سے بریفنگ لے ر ہے ہیں اورتمام محکموںمیں اصلاحات کررہے ہیںاورمقصد اداروں کو طاقتور بنانا ہے‘ کہیں بھی کوئی کمی ہو اس کو دور کرنا ہے‘ کہیں رولز آف بزنس تبدیلی کرنا ہے اورکہیں ترمیم کرنی ہے‘بہت سی چیزوںپر کام جاری ہے اورسو دن کے بعد اس ملک کے نظام کو ایک ٹریک پر ڈال دیا جائے گاجس کے نتائج وقت کے ساتھ ساتھ لوگوںکے سامنے آنے لگیں گے‘ یہ سب جادوئی چراغ سے نہیں ہوتا اس کے لیے تھوڑا وقت لگے گا‘ قانون بنانے میں دن لگتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے دن پورے کریں گی‘ جب ہماری حکومت خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ بنی تو ہمیں کئی چیلنج درپیش تھے جس کوہم نے قبول کیا اور صوبے میں واضح تبدیلی لائے ‘جو اصلاحات ہم نے خیبرپختونخوا میں کیے وہ پنجاب اور وفاق میں بھی کریں گے‘ عوام تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو کچھ وقت دے وہ ملک میں تبدیلی لاکر ہی رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ نئے بلدیاتی نظام کے لیے قانون سازی ہورہی ہے جس پر وقت لگے گا‘نئے بلدیاتی نظام میں تحصیل کا ناظم ڈائریکٹ انتخاب لڑے گااورضلع کی سطح کوئی میئر وغیر نہیں بن رہا ‘ پہلے بلدیاتی ناظم میں ٹائونز ، تحصیل ،ویلج اور نائبر ہوڈ کونسلز تھے کیونکہ بہت سارے لوگ ایک ہی کام کررہے تھے اس کوہم نے تقسیم کردیااور صرف تحصیل اور ویلج کونسل کو اس نظام میں بحال کریں گیاورتمام اختیارات غریب عوام کو منتقل ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات