Live Updates

ضمنی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی ایک مرتبہ پھر بڑی قومی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے، پورے پاکستان نے دوبارہ وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،کراچی سے خیبر تک لوگ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو

پیر 15 اکتوبر 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی ایک مرتبہ پھر بڑی قومی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے، پورے پاکستان نے دوبارہ سے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ، کراچی سے خیبر تک لوگ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں سے 6 پر پی ٹی آئی کی کامیابی عوام کا موجودہ حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی 11 میں سے 6 نشستوں پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 2 نشستوں پر بڑا سخت مقابلہ ہے، اس لیے ہمارے لیے ضمنی انتخابات کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ تمام صوبوں میں پی ٹی آئی کی نمائندگی نظر آ رہی ہے کیونکہ انتخابات میں ہم تمام صوبوں سے جیتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ پی ٹی آئی واحد قومی جماعت ہے جبکہ باقی جماعتیں تو صوبائی جماعتیں ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی معنوں میں وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کراچی سے خیبر تک لوگ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹک کی سیٹ وزیراعظم عمران خان نے نہیں چھوڑی تھی، سب جانتے ہیں کہ اٹک کی قومی اسمبلی کی سیٹ ہم اپنے اندرونی اختلافات کی وجہ سے ہارے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں این اے 131 کی جس سیٹ پر وزیراعظم عمران خان نے کامیابی حاصل کی وہاں عام انتخابات میں بھی کوئی زیادہ مارجن نہیں تھا البتہ یہ بات ضرور ہے کہ جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) جیتے وہاں انتخابات صاف و شفاف ہوتے ہیں اور جہاں پی ٹی آئی جیتے وہاں انتخابات خلائی مخلوق کراتی ہے، جو لوگ انتخابی دھاندلی کا شور کر رہے تھے اب انہیں بتانا چاہیئے کہ جن حلقوں سے وہ جیتے ہیں کیا وہاں الیکشن صاف و شفاف ہے اور جہاں سے پی ٹی ٓئی جیتی ہے وہاں الیکشن شفاف نہیں ہوئے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اٹک اور بنوں کی نشستوں پر پی ٹی آئی کی ہار کی وجہ ہمارے اندرونی اختلافات اور ہمارے اپنے لوگوں کی تقسیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر پورے پاکستان میں ایک مرتبہ پھر وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا بھرپور اظہار کیا گیا ہے اور پی ٹی آئی دوبارہ سے واحد قومی جماعت کے طور پر ابھری ہے جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات