منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کاٹرک مالکان کے مسائل حوالے سے ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:27

نارنگ منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹرک مالکان کے مسائل حوالے سے ملتان روڈ پراحتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے احتجاجی مطالبات والے بینرز اٹھا رکھے تھے اپنے مطالبات منوانے کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہریوں کو بھی شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی ٹرک اسٹینڈ میں پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرک مالکان کی مشکلات اور مسائل کے حل کا موضوع زیر بحث لایا گیا ۔اس موقع پر میاں عامر احمد نے کہا کہ ملتان روڈ موٹروے پر ٹرک لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے خاص طور پر ضلع ملتان اور فیصل آباد کے علاقوں میں گاڑیاں چھیننے اور چوری کی بہت زیادہ وارداتیں ہو رہی ہیں ٹرک مالکان جو کہ پہلے ہی ڈیزل کی ہوشربا قیمت اور زائد ٹال ٹیکس کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں انہیں حکومت کے ساتھ ساتھ ڈاکو بھی لوٹنا شروع ہو گئے ہیں موٹروے پولیس بھی ڈکیتیاں روکنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس وارداتوں کی روک تھام کے بجائے ڈاکوں کا ساتھ دیتی ہے وارداتوں کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی اگر ایف آئی آر درج ہو بھی جائے تو ملزموں کو پکڑا نہیں جاتا جبکہ پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی بالکل صفر ہے ناکام پٹرولنگ پولیس ملکی خزانے پر بوجھ ہے۔ٹرانسپورٹرز نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے اجلاس کے بعد ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور زکے ساتھ ساتھ کنڈیکٹرز نے ملتان روڈ موٹروے بائی پاس منگا منڈی پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

مظاہرین نے احتجاجی مطالبات والے بینرز اٹھا رکھے تھے اپنے مطالبات منوانے کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران ملک چاند ثاقب ، ملک خالد ، میاں سعید ، منور جٹ ، ظفر علی ، ملک پپو اور میاں عامر احمد سمیت ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار سوموٹو نوٹس لے کر ایکشن لیں اگر ہمارے مسائل حل نا کئے گئے تو ہم سڑکوں پر ٹرک کھڑے کر کے روڈز بلاک کر کے احتجاج کریں گے پہیہ جام ہڑتال کے باعث مال برداری کا نظام مفلوج کردیں گے۔